اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے کہیں سڑکیں زیر آب آگئیں تو کہیں لینڈسلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں بلاک ہو گئیں۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ کے قریب موسلادھاربارش کی
وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے قومی شاہراہ بلاک ہوگئی جبکہ برساتی ریلےکے باعث مچھ ندی پر بنا پل ٹوٹ گیا جس سے شہرکا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا۔ کوہ سلیمان میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سیاح فورٹ منرو کے اطراف میں پھنس گئے ہیں۔ طوفانی بارشوں کے باعث ہرنائی،کوئٹہ اور پنجاب شاہراہ بھی کئی مقامات پر زیرآب آگئی ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ دریائےناڑی کا پانی اوور فلو ہونے سے آبادی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔یاد رہے 14جون سے ملک میں جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 177 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خصوصی ہدایات پر کراچی میں واقع پی اے ایف بیسز کراچی کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ پی اے ایف کی ٹیمیں ان ضرورت مند خاندانوں کی مدد کو پہنچ رہی ہیں جن کے گھر اس قدرتی آفت میں ڈوب گئے ہیں۔ حالیہ طوفانی بارشوں میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کے ضرورت مند خاندانوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راشن پیک، جن میں بنیادی غذائی اشیاء اور اجناس جیسے آٹا، چاول، چینی، تیل، دالیں وغیرہ شامل ہیں، تقسیم کیے گئے۔