کابل (این این آئی)افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں افغان فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ افغان فوج کے ترجمان روح اللہ احمد زئی نے کہا کہ ایم آئی-35 چوپر صبح 11 بجے ضلع پْرچمن میں حادثے کا شکار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر صوبائی دارالحکومت سے ضلعی ہیڈکوارٹرز کی جانب گامزن تھا کہ گر کر تباہ ہوگیا۔فوجی ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثے شکار ہوا جبکہ اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نومبر 2019 میں افغانستان کے صوبہ لوگر میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں امریکی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی البتہ ابتدائی رپورٹ میں واقعے کو کسی دشمن کی فائرنگ کا نتیجہ نہیں قرار دیا تھا تاہم افغان طالبان کی جانب سے صوبے لوگر میں ہیلی کاپٹر مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔اس سے ایک ماہ قبل افغانستان کے شمالی صوبے بلغ میں ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں افغان فوجی اہلکاروں اور عملے سمیت 7 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اس وقت تکنیکی مسئلے کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا تھا۔