اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مگرمچھ اس زمین پر موجود بڑے رینگنے والے جانداروں میں شامل ہیں اور یہ ڈائنا سار کے قریبی رشتے دار سمجھے جاتے ہیں۔ ان کا شمار ایسے جانداروں میں ہوتا ہے جنہیں دیکھتے ہی انسان پر ہیبت طاری ہوجاتی ہے اور کیوں نہ ہو اپنے بڑے اور طاقتو ر جبڑے کے ساتھ کسی بھی جاندار کو لمحوں میں ٹکڑوں میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ کرہ ارض پر اس وقت
مگر مچھ کی 23 اقسام موجود ہیں اور ان سب کو انتہائی خطرے سے دوچار جانداروں میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ فیشن انڈسٹری میں اس ہیبت ناک جاندا ر کی کھال کی مانگ ہے ، جسے امراء اسٹیٹس سمبل سمجھ کر استعمال کرتے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کرہ ارض کے اس قدیم ترین باشند ے کی کچھ ایسی خصوصیات جو اسے دوسرے جانداروں سے ممتاز کرتی ہیں۔ مگر مچھ پرندوں اور ڈائنا سارز کے قریبی رشتے دار ہیں، یہ زمین پر لگ بھگ ڈھائی کروڑ سال سےموجود ہیں اور ڈائنا سار کے مقابلے میں یہ اپنی نسل بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان کی لمبائی ان کی نسل اور ان کے رہنے کے مسکن پر منحصر ہوتی ہے ، نمکین پانی کا مگر مچھ 13 سے 18 فٹ لمبے ہوسکتے ہیں اور ان کا وزن 22 سو پاؤنڈ تک ہوسکتا ہے جبکہ بونے مگر مچھ کے نام سے پہچانے جانے والے مگر مچھ پانچ فٹ تک لمبے ہوسکتے ہیں اور ان کا وزن 40 سے 70 پاؤنڈ ہوتا ہے۔ گوشت کھانے والے اس ہیبت ناک جاندار کے جبڑے میں 24 تیز دھار دانت ہوتے ہیں جو کہ ان کے شکار کو ٹکڑے کردینے میں معاون ہوتے ہیں۔ یہ اپنے شکار کو چباتے نہیں ہیں بلکہ سالم ہی نگل جاتے ہیں اور کبھی کبھار یہ پتھر بھی نکلتے ہیں تاکہ ان کے پیٹ میں گوشت کو کچلنے کا عمل تیز تر ہوسکے۔ محاورہ مشہور ہے ’ مگر مچھ کے آنسو‘ ۔ یہ صرف محاورہ نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ کسی بھی شکار کو کھاتے وقت مگرمچھ کی آنکھ میں آنسو ہوتے ہیں، لیکن اس کا سبب شکار کے لیے ان کے جذبات نہیں بلکہ کھانا کھانے کے دوران وہ اپنے اند ر بہت زیادہ ہوا بھرلیتے ہیں جو کہ آنسو پیدا کرنے والے گلینڈز پر اثر انداز ہوتی ہے جس کے سبب شکار کو کھاتے وقت ان کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔ مگر مچھ مون سون کے موسم میں اپنےساتھی سے ملاپ کرتے ہیں جس کے نتیجے میں مادہ مگر مچھ 20 سے
80 تک انڈے دیتی ہے ۔ مادہ مگرمچھ 3 ماہ تک انڈوں کی نگہداشت کرتی ہے جس کے بعد ان میں سے بچے نکل آتے ہیں۔ ٹھنڈے خون والے اس جاندار کے بچوں کی جنس ان کے گھونسلے کے درجہ حرارت پر منحصر ہے۔ اگر درجہ حرارت 31.6 سینٹی گریڈ رہے تو انڈوں سے نر بچے برآمد ہوتے ہیں اور اگر درجہ حرارت کم یا زیادہ ہوجائے تو انڈوں میں سے مادہ مگر مچھ نکلتے ہیں۔ پانی میں رہنے والا یہ شاندار خزندہ 50 سے 60 سال تک زندہ رہتا ہے ، تاہم کچھ مگر مچھ ایسے بھی ہیں جن کی عمر 80 سال تک کی ہوتی ہے۔