اتوار‬‮ ، 29 دسمبر‬‮ 2024 

وسیم اکرم کےلئے وسیم اکرم ہونا ضروری ہے

datetime 18  دسمبر‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سن 2013ءتھا اور مہینہ تھا جولائی کا‘ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر آٹھ کلب روڈ کے سامنے ایک مفلوک الحال شخص بغل میں تین فائلیں دبا کر کھڑا تھا‘ یہ پولیٹیکل ڈپٹی سیکرٹری کا انتظار کر رہا تھا‘ ڈپٹی سیکرٹری باہر نکلاتو یہ شخص تیزی سے اس کی طرف بڑھا‘ سلام کیا اور لجاجت کے ساتھ بولا ”سر میں ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈر ہوں‘ الیکشن ہار گیا ہوں‘ آپ بس ایک مہربانی فرما دیں‘ میرے گاﺅں کی چار کلومیٹر سڑک بنوا دیں“ ڈپٹی سیکرٹری خاندانی‘ شریف اور پابند صوم وصلوٰة تھا‘

اس نے کوشش کا وعدہ کیا اور نماز کےلئے مسجد روانہ ہو گیا‘ وہ مفلوک الحال شخص عثمان بزدار تھا‘ آپ اللہ کا نظام ملاحظہ کیجئے‘ وہ عثمان بزدار جو 2013ءمیں چار کلو میٹر سڑک کے لالچ میں ڈپٹی سیکرٹری سے ملنے کےلئے سارا دن وزیراعلیٰ آفس کے سامنے کھڑا رہتا تھا اور سٹاف کا کوئی ملازم اسے دفتر کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتا تھا وہ آج پانچ سال بعد نہ صرف پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ ہے بلکہ وہ 8 کلب روڈ کا بلا شرکت غیرے مالک اور مختار بھی ہے‘ اللہ کب کس کو نواز دے عثمان بزدار آج اس حقیقت کی سب سے بڑی مثال ہیں‘ ان کے والد سردار فتح محمد بزدار ڈیرہ غازی خان کے پرانے سیاستدان ہیں‘ یہ 2008ءمیں پاکستان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے‘ یونی فکیشن بلاک میں شامل ہوئے اور 2013ءکے انتخابات میںعثمان بزدار کو ٹکٹ دینے کے وعدے پر میاں شہباز شریف کے ساتھ مل گئے‘ ن لیگ نے حسب وعدہ 2013ءمیں عثمان بزدار کو ٹکٹ دیا لیکن یہ الیکشن ہار گئے اور چند ماہ بعد اپنی فائلیں اٹھا کر وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کے سامنے دھکے کھانے لگے مگر پھر اللہ تعالیٰ کا معجزہ ہوا اور یہ پنجاب کے وزیراعلیٰ بن گئے۔عثمان بزدارمیاں شہباز شریف کے دس سالہ اقتدار کے بعد ریشم میں ٹاٹ کا ٹکڑا محسوس ہوتے ہیں‘ پاکستان کا ہر سیاسی جغادری بزدار کو بیڈ چوائس قرار دیتا ہے‘ صرف عمران خان ہیں جن کا دعویٰ ہے یہ وسیم اکرم ثابت ہوں گے اور یہ اپنی پرفارمنس سے پورے ملک کو حیران کر دیں گے‘

یہ دعویٰ ہو سکتا ہے مستقبل میں سچ ثابت ہو جائے لیکن یہ سردست غلط فہمی محسوس ہوتا ہے‘ پوری بیورو کریسی کا خیال ہے عثمان بزدار کبھی میاں شہباز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے‘ میں بھی یہ سمجھتا ہوں لیکن میں جب بھی 2013 ءکے عثمان بزدار کا 2018ءکے عثمان بزدار سے تقابل کرتا ہوں تو میرے دل کے کسی کونے سے ایک مدھم سی آواز آتی ہے‘ اللہ تعالیٰ کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیںہوتا‘ وہ رب جس نے فائلیں بغل میں دبا کر سڑک پر کھڑے عثمان بزدار کو پنجاب جیسے صوبے کا وزیراعلیٰ بنا دیا‘ وہ ہو سکتا ہے اس شخص کے کھاتے میں ایسے کارنامے بھی درج کر دے جو واقعی اس سے قبل کسی شخص نے انجام نہ دیئے ہوں۔

میں قدرت کے اس امکان کو ذہن میں رکھ کر عثمان بزدار کو چند مشورے دینا چاہتا ہوں‘ یہ اگر دل بڑا کریں اور یہ صرف میاں شہباز شریف کے نقش قدم پر چلنا شروع کر دیں تو یہ کمال کر دیں گے‘ عثمان بزدار کوسابق وزیراعلیٰ کے نقش قدم پر چلنے سے پہلے ان کی چند حیران کن خوبیوںکو تسلیم کرنا ہوگا‘ مثلاً میاں شہباز شریف ایک ان تھک شخص ہیں‘ یہ جب وزیراعلیٰ تھے تو یہ سرکاری کام ذاتی کاموں کی طرح کرتے تھے اور یہ جو کام بھی شروع کرتے تھے یہ اسے مکمل کرکے چھوڑتے تھے‘

عثمان بزدار اگر میاں شہباز شریف کے دور کی فائلیں کھول کردیکھیں تو یہ حیران رہ جائیں گے‘ میں یہاں چند مثالیں پیش کرتا ہوں‘ وفاقی حکومت نے 2006ءمیں اسلام آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا‘ اس پراجیکٹ پر بارہ ارب روپے خرچ ہوئے‘ شہر میں دو ہزار کیمرے لگائے گئے‘ پنجاب حکومت نے 2016ءمیں لاہور کےلئے سیف سٹی پراجیکٹ بنایا‘ شہر میں آٹھ ہزار کیمرے لگائے گئے (یہ تعداد اسلام آباد کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تھی)‘ میاں شہباز شریف نے دس سال بعد اسی بارہ ارب روپے میں چار گنا بڑا منصوبہ مکمل کیا‘ یہ فائل اس وقت بھی سی ایم آفس میں موجود ہے‘

جنرل پرویز مشرف کے دور میں گدو میں 747 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگا‘یہ پاورپلانٹ چائنہ کی ایک کمپنی ہاربن  نے لگایا اور مشینری جنرل الیکٹرک کی استعمال ہوئی‘ ان دونوں کمپنیوں نے 8 لاکھ 50 ہزارڈالر میں فی میگاواٹ بجلی پیدا کر کے دی‘ میاں شہباز شریف نے چھ سال بعد پنجاب میں بھکی‘ بلوکی‘ حویلی بہادر شاہ اور ساہیوال میں کل 4953 میگاواٹ کے چار پاور پلانٹس لگائے‘ دو پلانٹس پنجاب حکومت کے اکاﺅنٹ سے لگے اور دو منصوبوں کی پے منٹ وفاق نے کی‘ یہ منصوبے بھی ہاربن نے مکمل کئے اور ان میں مشینری جنرل الیکٹرک کی استعمال ہوئی لیکن ان کی کاسٹ 4 لاکھ 18 ہزار ڈالر فی میگاواٹ تھی‘ صرف ان چار منصوبوں میں 160 ارب روپے کی بچت ہوئی‘ یہ فائلیں بھی سی ایم آفس میں موجود ہیں۔

عثمان بزداراورنج لائین پراجیکٹ کو بھی دیکھ لیں‘یہ چین اور پاکستان کے درمیان گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ پراجیکٹ تھا‘ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ پراجیکٹس میں بڈنگ (بولی) نہیں ہوتی لیکن میاں شہباز شریف نے چینی حکومت کو مجبور کر کے یہ بڈنگ کرائی‘ کم ترین بولی 2 ارب 12 ملین ڈالر تھی‘ پیپرا رولز کے مطابق کم ترین بولی دہندہ کو ٹھیکہ جاری کر دیا جاتا ہے لیکن میاں شہباز شریف خود مذاکرات کر کے کم ترین بولی دہندہ کو 2 ارب 12 ملین ڈالر سے ایک بلین 47 ملین ڈالر پر لے کر آئے یوں اس منصوبے میں 70 ارب روپے بچت ہوئی‘

یہ فائل بھی سی ایم آفس میں موجود ہے اور عثمان بزدار ایک حیران کن مثال بھی ملاحظہ کریں‘ پنجاب حکومت نے 2011ءمیں اپنا روزگار سکیم شروع کی‘ سکیم کے تحت بے روزگاروں کو 20 ہزار مہران سوزوکی کاریں اور بولان کیری ڈبے لے کر دیئے گئے‘ اس وقت مارکیٹ میں سوزوکی مہران کی قیمت 4 لاکھ 70 ہزار اور بولان کی قیمت 5 لاکھ 40 ہزار روپے تھی‘ میاں شہباز شریف نے اپنا روزگار کےلئے ان گاڑیوں کی قیمتیں کم کرائیں اور ساڑھے 32 کروڑ روپے کی بچت کرائی‘

اس بچت کا فائدہ سکیم سے گاڑیاں حاصل کرنے والے عام لوگوں کو ہوا لیکن کلاسیکل واقعہ 2014-15ءمیں پیش آیا‘ پنجاب حکومت نے اپنا روزگار کےلئے سوزوکی کمپنی کے ساتھ 50 ہزار گاڑیوں کا سودا کیا(25 ہزار راوی اور25 ہزار بولان)‘ حکومت نے کمپنی سے 2 ارب روپے کی رعایت لی‘ معاہدہ ہو گیا‘ 2015ءمیں میاں شہباز شریف نے اخبار میں خبر پڑھی روپے کے مقابلے میں جاپانی ین 12 فیصد ڈی ویلیو ہو گیا ہے‘ وزیراعلیٰ نے 23 جنوری 2015ءکوکمیٹی بنائی اور اسے سوزوکی کمپنی سے مزید رعایت لینے کا ٹاسک دے دیا‘

کمیٹی نے سوزوکی کمپنی کے جاپانی سی ای او اوساموسوزوکی کو بلایا اور مذاکرات شروع کر دیئے‘ جاپانی ناراض ہو گیا‘ اس کا کہنا تھا حکومت نے کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا‘ یہ اب یہ معاہدہ کیسے توڑ سکتی ہے؟ ہم عالمی عدالت میں چلے جائیں گے‘ وزیراعلیٰ نے کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر خود مذاکرات شروع کر دیئے‘ جاپانی ٹیم بار بار جاتی اور واپس آتی رہی یہاں تک کہ سوزوکی اپنے معاہدے میں ترمیم پر مجبور ہو گئی‘ کمپنی نے 30 مئی 2016ءکو سٹیٹ بینک آف پاکستان کو 40 کروڑ روپے کا چیک دے دیا‘

آپ دیکھ لیں ایک شخص نے ذاتی دلچسپی لے کر معاہدے کے باوجود حکومت کے 40 کروڑ روپے بچائے اور یہ رقم بعد ازاں اپنا روزگار سکیم کے تحت گاڑیاں خریدنے والے غریب لوگوں کو منتقل ہوئی‘ یہ فائل اور سوزوکی کے چیک کی کاپی بھی سی ایم آفس میں موجود ہے۔یہ صرف چار پانچ واقعات ہیں‘ سی ایم آفس کے ریکارڈ میں ایسے درجنوں واقعات موجود ہیں‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اگر واقعی میاں شہباز شریف کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں‘ یہ اگر واقعی نئی تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں تو پھر انہیں یہ تمام فائلیں نکال کر پڑھنی ہوں گی‘

پنجاب میں میٹرو کیسے شروع ہوئی‘ دس دس سال کا کام دو دو سال میں کیسے مکمل ہوا‘ شہباز شریف کس طرح رات کو اٹھ کر سائٹ پر جاتا تھا‘ وہ اپنی آنکھوں سے کام کا جائزہ لیتا تھا‘ سست ٹھیکیداروں کی سرعام بے عزتی اور کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی کس طرح تعریف کرتا تھا‘ وہ کون سی تکنیکس تھیں جن کے ذریعے اس نے تین بڑے شہروں میں میٹرو بنا دیں اور کے پی کے حکومت تین سال اور دوگنی لاگت کے باوجود پشاور میں ابھی تک میٹرو نہیں بنا سکی اور صرف اکیلے شخص نے پورے صوبے کو کس طرح سڑکوں کے ساتھ جوڑ دیا؟

عثمان بزدار کو دل بڑا کر کے یہ دیکھنا بھی ہو گا اور اس سپیڈ سے کام بھی کرنا ہوگا‘ پنجاب پھر کہیں جا کر عثمان بزدار کو لیڈر یا وسیم اکرم تسلیم کرے گا ورنہ یہ تو رہے ایک طرف پنجاب کے اگلے وزراءاعلیٰ بھی میاں شہباز شریف کی شخصیت کے اثر سے باہر نہیں نکل سکیں گے‘ پنجاب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اصل وسیم اکرم کو یاد کرتا رہے گا‘ یہ اسے ڈھونڈتا رہے گا‘ عثمان بزدار اور عمران خان دونوں کو دل بڑا کرنا پڑے گا‘ انہیں ماننا ہوگا میاں شہباز شریف نے بہرحال کام کیاتھا اور یہ بھی اگر کام کرنا چاہتے ہیں تو انہیں میاں شہباز کی تکنیکس اور سپیڈ سے کام کرنا ہوگاپھر کہیں جا کے پرانا پاکستان نیا پاکستان بنے گا‘ دنیا میں کوئی شخص صرف کہنے سے وسیم اکرم نہیں بنتا‘ وسیم اکرم کےلئے وسیم اکرم ہونا ضروری ہوتا ہے۔



کالم



صدقہ


وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…