اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی اپنی حکومت کے پہلے عوامی سروے میں سرخرو ، گیلپ اینڈ کمپنی کی جانب سے موجودہ حکومت کی مقبولیت جانچنے کیلئے کروائے گئے عوامی سروے میں 49 فیصد افراد نے موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت سے بہتر قرار دے دیا۔ سروے کے دوران چاروں صوبوں سے مرد و خواتین سے تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سے متعلق سوال پوچھا گیا۔ سروے کے دوران 1550مرد و خواتین سے حکومت کی اب تک کی کارکردگی سے متعلق پوچھا گیا۔
سروے 27 اگست سے 3 ستمبر تک کیا گیا۔ سروے کے دوران 49 فیصد پاکستانیوں نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی گزشتہ حکومت سے بہتر ہے۔جبکہ 27 فیصد پاکستانیوں کی رائے میں موجودہ حکومت کی کارکردگی گزشتہ حکومت سے بدتر ہے۔ 18 فیصد پاکستانیوں کی رائے میں موجودہ اور گزشتہ حکومت کارکردگی میں کوئی فرق نہیں۔ جبکہ سروے کے دوران 6 فیصد افراد نے کارکردگی سے متعلق کوئی رائے نہیں دی۔ سروے میں غلطی کا مارجن 2 سے3 فیصد رکھا گیا۔