اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں سے ڈیم بنانے کے لیے فنڈز دینے کی اپیل کر دی۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ڈیمز پاکستان کے بہت ضروری ہیں، ہمیں اس مقصد کے لیے باہر سے کوئی قرضہ نہیں دے گا، ہمیں اپنے ہی وسائل سے یہ ڈیمز بنانے ہیں،
اورسیز پاکستانیوں سمیت سب ڈیمز کے لیے جہاد شروع کریں، ڈیمز بنانے کے لیے آج جہاد شروع کرنا ہے، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، پاکستان کے پاس صرف تیس دن کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے، آج پانی کم ہو کر فی کس ہزار کیوسک رہ گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ڈیم نہ بنائے گئے تو 2025ء میں پاکستان بنجر ہو جائے گا، پاکستان کو خشک سالی کا سامنا ہو گا، پاکستان اور دنیا بھر سے پاکستانی دل کھول کر فنڈز دیں، عمران خان نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت کروں گا اور آپ کا دیا ہوا یہ پیسہ ڈیمز کی تعمیر میں ہی لگے گا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ڈالرز چاہئیں، نیلم جہلم پراجیکٹ میں بھی صرف پیسے نہ ہونے کے باعث دیر ہوئی ہے، اورسیز پاکستانیز کسی بھی ملک میں ہیں وہ جتنا پیسہ بھیج سکتے ہیں بھیجیں، اوورسیز پاکستانیز اپنا کردار ادا کریں تو ڈیم پانچ سال میں بن سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکہ اور یورپ میں مقیم پاکستانی ایک ہزار ڈالر یا اس سے زائد بھیجیں، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس کوڈیمز بنانے پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں نے آج چیف جسٹس سے ملکر بات کی ہے ان کے فنڈز کے ساتھ وزیراعظم فنڈ بھی اکٹھا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی جنہوں نے میری شوکت خانم بنانے میں مدد کی ان سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پیسے بھیجیں۔