جھنگ(این این آئی) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ 10 جولائی کو جے آئی ٹی رپورٹ جمع کرائیگی ہم داسو پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے ٗ مخالفین ہزار بار آسمان سر پر اٹھا لیں ہمیں خدمت سے نہیں روک سکتے ٗغیر یقینی صورتحال پر اسٹاک مارکیٹ نیچے آئی، روپے کی قیمت گری ٗ ترقی روکنے والوں اور ملک کو بجلی سے محروم کر نے والوں کا کڑا احتساب کرینگے ٗ
مخالفین ہم سے الیکشن نہیں جیت سکتے ٗ احتساب ٗ دھرنے کی آڑمیں سازش کرتے اور جے آئی ٹی کے پیچھے چھپتے ہیں ٗ مخالفین کو کہتا ہوں میدان میں آ کرمقابلہ کرو ٗ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں میں ملک سے باہر بیٹھا ایک آمر بھی شامل ہے ٗدھرنے والوں نے مسلم لیگ (ن) سے ہمیشہ شکست کھائی ہے اور آئندہ بھی کھائیں گے۔ جمعہ کو حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کچھ ماہ قبل جس جگہ پر کھیت اور میدان تھے آج اتنا بڑا منصوبہ تیار ہوچکا ہے، اتنے کم عرصے میں کسی پاور پلانٹ کا ایک سیکشن تیار نہیں ہوسکتا اور اب ہر ماہ کوئی نہ کوئی منصوبہ افتتاح کیلئے تیار ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منصوبوں کی تیز ترین تکمیل کی نئی روایت قائم ہو رہی ہے، مختصر مدت میں بڑے بڑے منصوبے مکمل ہورہے ہیں، پاکستان میں روشنیاں واپس لوٹ رہی ہیں، کارخانے چل پڑے ہیں اور سیاحت بڑھ رہی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ جب سے حکومت سنبھالی 7 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوچکا ہے ٗسیاحت اتنی بڑھ گئی ہے کہ ہوٹل کم پڑنے لگے ہیں، ملک میں آج سیاحوں کی بڑی تعداد پرفضا مقامات کی سیر کر رہی ہے جبکہ لوگوں کی آمدنی بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج انڈسٹری چل رہی ہے، کسانوں کے ٹیوب ویل چل رہے ہیں ٗنئے منصوبے لوگوں کو یقین دلارہے ہیں کہ انڈسٹری لگائیں بجلی آرہی ہے،
ترقی کی شرح 5 فیصد تک پہنچ چکی ہے، یقین ہے کہ 7 فیصد سے بھی آگے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے حکومت میں آتے ہی پاور پلانٹس کی منصوبہ بندی شروع کردی ٗلوڈشیڈنگ کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے جارہے ہیں، ملک میں لوڈشیڈنگ مجرمانہ غفلت کی وجہ سے بڑھی ٗ انہوں نے ہی ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ٗ لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں سے پوچھتا ہوں کہ ملک کو اندھیرے میں کیوں دھکیلاجنہوں نے ملک میں اندھیرے کیے ٗ
ملک میں ایسے حالات کیوں اور کیسے پیدا ہوئے، کیوں اس قوم سے روشنیاں چھین کر اندھیروں میں دھکیلا گیا اور قوم کے ان مجرموں میں ملک سے باہر بیٹھا ایک آمر بھی شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کہتے ہیں کہ نواز شریف کس طرح بجلی لا رہے ہیں لیکن ہم بجلی پیدا کرکے احسان نہیں کر رہے بلکہ ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، جبکہ مخالفین کو تکلیف ہی یہی ہے کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ملکی ترقی کے مخالفین کی کمی نہیں ہے ٗ
غیر یقینی صورتحال پر اسٹاک مارکیٹ نیچے آئی، روپے کی قیمت گری لیکن ترقی روکنے والوں اور ملک کو بجلی سے محروم کرنے والوں کا کڑا احتساب کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کو نعروں سے نہیں بلکہ کمٹمنٹ سے چلایا جاتا ہے ٗملک میں اس وقت بجلی کے بڑے بڑے منصوبے جاری ہیں جنہیں بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا،بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف بجلی پیدا ہوگی بلکہ عوام کو سستی بجلی بھی فراہم کی جائیگی ٗ
پنجاب حکومت نے بجلی کے2منصوبوں میں 168ارب روپے کی بچت کی ہے۔ یہ بچایا گیا پیسہ ملک میں ترقی کے لئے نئے منصوبوں پر لگایا جائے گا۔ ملک میں بجلی کے بعض ایسے منصوبے بھی سابقہ حکومتوں میں بنائے گئے تھے جن سے 24روپے فی یونٹ بجلی حاصل کی جاتی تھی مگر اب بجلی کے نئے منصوبوں سے ساڑھے6روپے فی یونٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔آئندہ آنے والے وقت میں مزید سستی بجلی پیدا کریں گے۔
بجلی سستی ہوگی کسان کو فائد ہ ہوگا، کاشتکار اس سے مستفید ہو گا۔ انڈسٹری جب سستی بجلی استعمال کرے گی تو ایکسپورٹ کو فائدہ ہوگا۔ بجلی سستی ہوگی تو ملک کے وارے نیارے ہوجائیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کے دیس نکالے میں جو کسر رہ گئی ہے ٗ آئندہ چند ماہ میں پوری ہوجائے گی ۔
وزیراعظم نے تقریب میں موجود شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جے آئی ٹی کو جانتے ہیں یا نہیں جو وہ کررہی ہے وہ بھی آپ جانتے ہیں یا نہیں اور جس دن یعنی 10 جولائی کو جے آئی ٹی اپنی رپورٹ جمع کرائیگی ٗ ہم اسی دن داسو پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس سے 4 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، بھاشا ڈیم بھی تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو بجلی ہی نہیں بلکہ کاشتکاروں کے لیے پانی بھی مہیا کریگا۔
نواز شریف نے کہا کہ مخالفین 4 سال سے جو کچھ کر رہے ہیں قوم اسے جانتی ہے ٗ جنہوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ہزار بار آسمان سر پر اٹھا لیں ہمیں قوم کی خدمت سے نہیں روک سکتے، آپ کو یہی کام ملا ہے آپ اپنا کام کرتے رہیں ہم اپنا فرض پورا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مخالفین ہم سے الیکشن جیت نہیں سکتے صرف سازش کرتے ہیں، آپ دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازش کرتے ہیں کبھی جے آئی ٹی کی آڑ میں چھپتے ہیں،
ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کرو، آؤ میدان میں جب کہو گے ہم میدان میں آنے کیلئے تیار ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین کو بتانا چاہتا ہوں آپ کچھ بھی کرلیں ہمیں قوم کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن آپ کو یہی کام ملا ہے جو آپ پچھلے 4 سال سے کرتے آرہے ہیں جس سے قوم بخوبی واقف ہے جبکہ آپ نے مسلم لیگ (ن) سے ہمیشہ شکست کھائی ہے اور آئندہ بھی کھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ میں انتخابات جیتنے کی سکت نہیں اس لیے آپ سازشیں کرتے ہیں اور ان سازشوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جو بزدلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے قوم سے بجلی دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ کسی حد تک پورا کردیا ہے اور رہی سہی کسر بھی بہت جلد پوری ہوجائیگی۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے مگر گذشتہ چند دنوں سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ملک میں خوشحالی آرہی ہے،
لوگوں کی قوت خرید بڑھ گئی ہے۔ مخالفین کو یہ تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کی منزلوں کو چھو رہا ہے، گوادر خنجراب سے مل رہا ہے،ملک میں ترقی کا ایک انقلاب برپا ہو رہا ہے ٗہم ناقابل یقین کام کر رہے ہیں کسانوں کے ٹیوب ویل چل گئے ہیں، ہم نے کھاد سستی کی آئندہ بھی کسانوں کی مزید خدمت کریں۔ ملک میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے، خیبر پختونخواہ میں سڑکیں ہم بنا رہے ہیں، ملک کے دیہاتوں میں سکول اور کالجز بن رہے ہیں، صحت کا انقلاب لا رہے ہیں ،
دیہاتوں میں جدید ہسپتال بنا رہے ہیں۔انشاء اللہ ملک کو مزید ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ ہمارے مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کیوں کر رہا ہے ٗسڑکیں بن رہی ہیں ،14 اگست کو کراچی حیدرآباد موٹر وے بن جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن والے احتساب کی بات کرتے ہیں ٗجو 167 ارب روپے بچائے ہیں، اس پر شاباش ہی دے دو،احتساب ان کا بھی ہونا چاہیے جو بڑی باتیں کرتے ہیں۔



















































