کراچی (این این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ میں نے میاں محمد نواز شریف کو پیشکش کی ہے کہ آئیں مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکال لیں۔ وقت ضائع نہ کریں۔ گو بابا گو نعرہ لگانے کا زمانہ گزر چکا ہے۔ میں بحیثیت اپوزیشن لیڈر اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ وزیراعظم پیر کو پارلیمنٹ میں آکر پانامہ لیکس میں آنے والی اپنے خاندان کی آف شور کمپنیوں، اثاثوں سے متعلق اپوزیشن کے سوالوں کے جوابات دیں۔ ان کی شان میں کوئی گستاخی نہیں کی جائے گی او رنہ ہی کوئی احتجاج ہوگا اور نہ گو نواز گو کا نعرہ لگایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان کو پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن کے قیام کے لئے جو خط بھیجا تھا اس کمیشن کے لئے جو ٹی او آرز مرتب کئے گئے تھے۔ اگر ان ٹی او آرز کی بنیاد پر کمیشن بنتا تو پھر 1947ء کے بعد سے اب تک کی ہونے والی تحقیقات کرنا پڑتیں اور یہ تحقیقات اس وقت تک جاری رہتیں کہ 10 چیف جسٹس تبدیل ہوجاتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ تھا کہ سپریم کورٹ ان ٹی او آرز کی بنیاد پر کمیشن تشکیل نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی حکومت کو یہ کہا ہے کہ کمیشن کے قیام کے لئے قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں دھاندلی کے حوالے سے بھی جو کمیشن تشکیل دیا گیا تھا اس حوالے سے بھی قانون سازی کی گئی تھی۔ میں یہ نہیں کہتا کہ کسی کی ہار ہوئی ہے یا جیت۔ ہم وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالیں۔ پانامہ لیکس اسکینڈل نے پاکستانی سیاست میں طوفان برپا کردیا ہے۔ یہ انکشافات پاکستان کے کسی میڈیا ہاؤس یا ادارے نے نہیں کئے بلکہ عالمی سطح پر یہ اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے۔ اس میں بڑی بڑی عالمی شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر دو ملک کے وزیراعظم گھرجاچکے ہیں۔ تیسرے نے پارلیمنٹ میں اپنے اثاثوں کے بارے میں ڈھائی گھنٹے تک وضاحت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک بڑا فورم ہے اور وزیراعظم کے لئے یہی آسان راستہ ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آکر وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک جماعت اسلام آبادمیں دھرنا دے رہی تھی اس وقت وزیراعظم نے کہا تھا کہ دھرنے دینے والے پارلیمنٹ میں آئیں۔ پارلیمنٹ ہی ان کا مسئلہ حل کرسکتی ہے۔ اگر وہ پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے تو ان دھرنا دینے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت کی سیاسی صورت حال میں وزیراعظم کا نہیں بلکہ پارلیمنٹ کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی میری ذات پر تنقید کی گئی، انگلیاں اٹھائی گئیں لیکن میں نے اس کی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یا اپوزیشن سمیت کوئی بھی جماعت یہ نہیں چاہتی کہ جمہوریت ڈی ریل ہو۔ ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پانامہ لیکس کے معاملے پربھی وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ اپوزیشن نے 7 سوالوں کا پرچہ بنا کر انہیں دیا ہے اور وقت سے پہلے ہی ہم نے پرچہ آؤٹ کردیا ہے۔ نواز شریف پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔ ہم وزیراعظم کی کرسی کا احترام کرتے ہیں۔ وزیراعظم پیر کو جب پارلیمنٹ آئیں گے تو ہم انہیں وزیراعظم کی حیثیت سے ہی خوش آمدید کہیں گے۔ اپوزیشن کوئی طوفان برپا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں۔ وزیراعظم جب آئیں گے تو کوئی گو نواز گو کا نعرہ نہیں لگے گا۔ ہم گو بابا گو کی تاریخ نہیں دہرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی تمام مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔ میں حکومت کو کہتا ہوں کہ وہ پیر کو پارلیمنٹ میں ہونے والا اجلاس براہ راست نشر کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرانی تاریخ بھول چکے ہیں۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم ہمارے پاس آئی تھی۔ ہم نے ان پر واضح کیا ہے کہ کمیشن کی تشکیل اور ٹی او آرز کا معاملہ قانون کے مطابق باہمی مشاورت سے طے کیا جائے اور کمیشن کی تشکیل کے لئے قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزیراعظم نواز شریف سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی، اے این پی یا کوئی بھی اپوزیشن جماعت سب کی یہ خواہش ہے کہ پانامہ لیکس پر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سب جماعتیں جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم سے صرف اتنا کہا ہے کہ وہ پیر کو پارلیمنٹ میں آئیں اور اپنے اور اپنے خاندان کی جائیدادوں اور ٹیکس گوشواروں کی تحقیقات کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے فرزند ارجمندوں نے خود اپنی جائیدادوں سے متعلق میڈیا کو بتایا ہے کہ ان کی آف شور کمپنیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ پانامہ پیپرز میں ان کے خاندان کی جن آف شور کمپنیوں کا انکشاف ہوا ہے، وہ اس کی وضاحت کریں کہ ان آف شور کمپنیوں کے لئے پیسہ کہاں سے آیا ہے۔ یہ پیسہ پاکستان، امریکہ، سعودی عرب یا جس ممالک سے بھی منتقل ہوا ہے اس کے بارے میں وضاحت کی جائے۔ اس پیسے سے جو جائیداد خریدی گئی ہے اس بارے میں بھی پارلیمنٹ کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ٹیکس گوشوارے سب کے سامنے ہیں۔ وزیراعظم اس بارے میں مکمل وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حکمران امیر سے امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے۔ میں یہ واضح کرتا ہوں کہ ایک سیاسی برادری ہو یا کوئی بھی جس پر پانامہ پیپرز میں کوئی الزام ہو یا اس کا نام آیا ہے ان سے پوچھ گچھ ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ جن لوگوں نے قرضے معاف کرائے، کرپشن کی ہے، قرضے معاف کراکے بیرون ملک گئے ہیں ان سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم تنقید برائے تنقید کی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ سب کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ہر بات پارلیمنٹ کے اندر کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے جو وزیراعظم کے استعفےٰ کا مطالبہ کیا ہے وہ عوام کی سوچ کی بناء پر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو کرپٹ آمروں نے بنایا ہے۔ ملک میں 1958 کے بعد کرپشن شروع ہوئی ہے۔ آمر اپنا اقتدار بچانے کے لئے کرپشن کرتے رہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ پیر سے قبل سپریم کورٹ کو خط لکھے جس میں سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے کہ حکومت عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لئے قانون سازی کرنے پر تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے اور حکومت اس معاملے کا سنجیدگی سے حل نہیں نکالے گی تو سیاسی معاملات گھمبیر ہوسکتے ہیں۔
پانامہ لیکس،وزیراعظم کاخطاب،پیپلزپارٹی نے ضمانت دیدی
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
-
8 بجے تک
-
بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق بڑافیصلہ
-
جھنگ کی طالبہ ایشال فاطمہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی
-
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہو گا؟ پنجاب حکومت نےمالی سال 27-2026کےبجٹ خدوخال کوحتمی ش...
-
’بیوی، بچے بضد تھے کہ مری دیکھنا ہے‘: وین حادثے میں پانچ بچوں، اہلیہ اور والدہ کو کھونے والے ملتان ک...
-
پاکستان میں محرم الحرام کا چاند کب نظر آئیگا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا
-
لٹن داس دنیا بھر میں رضوان کو بدنام کرنے لگے
-
لاہور: بینک میں 5 کروڑ جمع کرانیوالے شہری سے 2 بینک ملازمین رقم لیکر فرار
-
تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
-
سونے کی قیمت میں آج پھر حیرن کن کمی
-
راولپنڈی: مقامی ہسپتال کی نرس سے اجتماعی زیادتی , ملزمان نے ویڈیو بھی بنائی
-
سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں آج بھی بڑی کمی ریکارڈ
-
سولر صارفین کیلئے بری خبر، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
-
یکم جولائی سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کو کتنی رقم ملے گی؟ بڑی خوشخبری آگئی



















































