منگل‬‮ ، 17 جون‬‮ 2025 

سابق وزیراعظم گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی تین سال بعد افغانستان سے بازیاب

datetime 10  مئی‬‮  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد؍ کابل (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو افغان اور امریکی سیکیورٹی فورسز نے غزنی میں مشترکہ کارروائی کے دوران اغواء کے تین سال بعدالقاعدہ کے چنگل سے باحفاظت بازیاب کرالیا، دفترخارجہ، افغانستان سلامتی کے مشیر اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تصدیق ، وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سید یوسف رضا گیلانی کو بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد، ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے گھر میں جشن کا سماں،علی حیدر گیلانی کو میڈیکل ٹیسٹ کے بعد خصوصی طیارے میں پاکستان لایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو 3سال بعدپیر کو بازیاب کرالیا گیا تھا جسکی تصدیق منگل کو کی گئی ۔ انہیں 9مئی 2013ء کو ملتان میں انتخابی مہم کے دوران ایک کارنر میٹنگ کے بعد اغواء کرلیا گیا تھا،جس کی سب سے پہلے تصدیق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی ۔منگل کو اپنے ٹوئیٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کو افغانستان سے بازیاب کرالیا گیا ہے،علی حیدرگیلانی کو اغوا کے 3 سال اور ایک دن بعد بازیاب کرایا گیاہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ افغان سفیرعمرزخیوال نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو فون کیا اور بتایا کہ ان کے بیٹے کو غزنی میں سیکیورٹی آپریشن کے بعد بازیاب کرایا گیا ہے۔دوسری طرف افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے بھی علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو افغانستان کے صوبے غزنی سے بازیاب کرایا گیا ہے، افغان اور امریکی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کے صوبہ غزنی میں طالبان کے خلاف آپریشن کے دوران علی حیدر گیلانی کو القاعدہ کے ایک ذیلی گروپ کے چنگل سے آزاد کروایا، علی حیدر گیلانی کو پاکستان منتقل کرنے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں، انہیں میڈیکل چیک اپ کے بعد بگرام ایئربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان سفیر عمر زخیلوال اور افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی ہے انہیں تین سال ایک دن بعد افغان اور امریکی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں بازیاب کروایا ہے، علی حیدر گیلانی کو طبی معائنے کے بعد پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔بیٹے کی بازیابی کی اطلاع ملنے کے بعد ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے علی حیدر کی رہائی پر جشن منایا، کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ پر مٹھائیوں کے ٹوکرے تقسیم کئے گئے۔دوسری طرف وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، سابق صدر آصف علی زرداری، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت ملک کی اہم سیاسی ،سماجی و صحافتی شخصیات نے بیٹے کی بازیابی پر سابق وزیراعظم سید یوسف گیلانی کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور ملک کی موجودہ صورتحال میں اس کامیابی کو انتہائی اہم قرار دیا ۔ دوسری طرف سابق وزیراعظم پیپلز پارٹی سید یوسف رضا گیلانی کی بیٹے کی بازیابی پر خوشی دیدنی تھی،باغ آزاد کشمیر میں جلسے کے دوران سابق وزیراعظم کا چہرہ گلاب کی طرح کھلا رہا۔ واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے بیٹے ہیں انہیں 9 مئی 2013 کو اِنتخابی مہم کے دوران ملتان سے اغوا کیا گیا تھا۔اپریل 2014 میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو ملی تھی جس میں علی حیدر گیلانی نے کہا تھا کہ انھیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے نہیں بلکہ ایک اور گروہ نے اغوا کیاہے۔علی حیدر گیلانی کے اغوا کے بعد کئی بار میڈیا میں یہ خبریں آئی تھیں کہ یوسف رضا گیلانی کو اْن کے بیٹے کی خیریت کے حوالے آگاہ رکھا جاتا ہے۔گذشتہ برس مئی میں علی حیدر گیلانی کی ایک نامعلوم مقام سے اپنے والد سے آٹھ منٹ تک فون پر بات بھی کروائی گئی تھی، علی حیدر گیلانی رواں برس بازیاب ہونے والی دوسری اہم شخصیت ہیں۔اس سے قبل سابق گورنر پنجاب کے بیٹے شہباز تاثیر بھی ساڑھے 4 برس اغوا کاروں کی قید میں رہنے کے بعد 8مارچ کو صوبہ بلوچستان کے علاقے کچلاک سے برآمد ہوئے تھے۔(اح)

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



دیوار چین سے


میں دیوار چین پر دوسری مرتبہ آیا‘ 2006ء میں پہلی…

شیان میں آخری دن

شیان کی فصیل (سٹی وال) عالمی ورثے میں شامل نہیں…

شیان کی قدیم مسجد

ہوکنگ پیلس چینی سٹائل کی عمارتوں کا وسیع کمپلیکس…

2200سال بعد

شیان بیجنگ سے ایک ہزار اسی کلومیٹر کے فاصلے پر…

ٹیرا کوٹا واریئرز

اس کا نام چن شی ہونگ تھا اوروہ تیرہ سال کی عمر…

گردش اور دھبے

وہ گائوں میں وصولی کیلئے آیا تھا‘ اس کی کمپنی…

حقیقتیں

پرورش ماں نے آٹھ بچے پال پوس کر جوان کئے لیکن…

نوے فیصد

’’تھینک یو گاڈ‘‘ سرگوشی آواز میں تبدیل ہو گئی…

گوٹ مِلک

’’تم مزید چارسو روپے ڈال کر پوری بکری خرید سکتے…

نیوٹن

’’میں جاننا چاہتا تھا‘ میں اصل میں کون ہوں‘…

غزوہ ہند

بھارت نریندر مودی کے تکبر کی بہت سزا بھگت رہا…