اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے شہر دمام میں واقع کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق واقعے میں جانی نقصان کی تصدیق ہوگئی ہے۔ متعلقہ حکام ایئرپورٹ کی عمارتوں، املاک اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کرنے میں مصروف ہیں۔حکام کی جانب سے تاحال حملے کی نوعیت، اس میں ملوث عناصر اور واقعے کے پسِ پردہ ممکنہ وجوہات کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اس کے علاوہ مالی اور مادی نقصان کی مکمل رپورٹ بھی جاری نہیں کی گئی۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں خطے کے اہم ہوائی اڈوں اور شہری تنصیبات کی حفاظت کے حوالے سے سکیورٹی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔



















































