پیرس (این این آئی)فرانس میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف ہونے والے ملک گیر مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانس میں پرتشدد مظاہروں کے دوران نقاب پوش افراد نے ایپل، ہرمیس اور لوئی وٹون سمیت کئی مشہور لگژری برانڈز کے اسٹورز میں گھس کر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں نقاب پوش افراد کو اسٹورز کے شیشے توڑ کر اندر داخل ہوتے اور قیمتی سامان لے کر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لوٹ مار صرف مہنگے برانڈز کے اسٹورز تک محدود نہیں رہی بلکہ سپر مارکیٹس اور فارمیسیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔رپورٹ کے مطابق بعض شہروں میں سرکاری عمارتوں اور تاریخی مقامات پر بھی حملے کیے گئے اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرانس کے شہر لیموج میں نقاب پوش مظاہرین نے 143 سال پرانے تاریخی ٹان ہال کو بھی آگ لگا دی گئی، آتش زدگی سے عمارت کی چھت گر گئی۔فرانس کی وزارتِ داخلہ کے مطابق مظاہروں میں ملک بھر سے تقریبا 5 لاکھ 50 ہزار افراد شریک ہوئے، تاہم زیادہ تر مظاہرین پرامن طور پر احتجاج کر رہے تھے، جب کہ نقاب پوش افراد کے بعض گروہوں نے پولیس اور املاک کو نشانہ بنایا۔



















































