راولپنڈی (این این آئی)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں واضح کیاگیا ہے کہ کسی بھی جواز پر پْرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے نمٹا جائے گا،
افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگیٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں،مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا جہاں شرکائنے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جواز پر، پْرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے نمٹا جائے گا۔شرکاء نے کہا کہ ایسی صورت میں فیصلہ کْن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا، افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگیٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں کو سراہا۔
شرکا ء نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں۔شرکاء نے کہا کہ ضروری ہے عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات پر مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مخصوص عناصر کے ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے۔کور کمانڈر کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پولیس کی استعدادِ کار کو بھی بڑھانا ہوگا، پاکستان کیلئے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا، فورم نے معاہدے کو دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں پر اظہار برہمی کیا اور اس کی شدید مذمت کی۔
شرکا نے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔فورم نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے، فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں، قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔



















































