لاہور (آن لائن) وفاق کی جانب سے گزشتہ روز کئے جانے والے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سی سی پی او لاہور کا تبادلہ روکے جانے بعد وفاق اور پنجاب ایک دوسرے کے سامنے آگئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے باقاعدہ ملاقات کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سی سی پی او لاہور کے مطابق ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو اپنے عہدے کا چارج نہ چھوڑنے اور کام جاری رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اس معاملے پر وفاق سے خود نمٹنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق ہماری اجازت کے بغیر سی سی پی او لاہور کا تبادلہ نہیں کرسکتا۔ اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلے پنجاب حکومت کرتی ہے آپ اپنا کام جاری رکھیں۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا گزشتہ روز تبادلہ کردیا تھا جبکہ مختلف حلقے تبادلے کی وجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو رہنماؤں جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کے خلاف درج مقدمات بتاتے ہیں۔