راولپنڈی (این این آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک شدید سیاسی اور اعصابی تناؤ کا شکار اور بند گلی میں داخل ہو گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جو گڑھا عمران خان کیلئے کھودا تھا اس میں خود گر گئی ہے، ڈالر232 روپے کا، سیلاب، غذائی قحط اور وبائی امراض سر پر ہیں، چوروں نے صرف اپنے کیس ختم کرانے تھے، یہ سکیورٹی میں فوٹو کھنچا سکتے ہیں،عوام میں نہیں جا سکتے۔سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ 15کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہے، حکمرانوں کاغلط فیصلہ عوام کے غیض وغضب میں بدل سکتا ہے، لوگ زمینی حقائق سے واقف نہیں کیونکہ وہ عوام میں نہیں، عمران خان کی مقبولیت کے طوفان کو قید کرنا یا نااہل کرنا مہنگا پڑسکتا ہے، اقتدار کے بھوکوں کے جمعہ بازار کی الیکشن میں تاخیرانکو لے ڈوبے گی۔