اسلام آباد( این این آئی)وفاقی حکومت نے نئے بجٹ میں 1600 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر ایڈوانس ٹیکس دوگنا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔بجٹ دستاویزات کے مطابق 1600 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر ایڈوانس ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ ہوگیا،
الیکٹرک انجن کی صورت میں گاڑی کی قیمت کے 2 فیصد کی شرح سے ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔بجٹ 23-2022 کے مطابق بڑی لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن پر ایڈوانس ٹیکس دوگنا کردیا گیا، ٹیکس بڑھانے سے حکومت کو 10 ارب روپے اضافی آمدن ہوگی۔فنانس بل کے مطابق 1601 سے 1800 سی سی کی گاڑی پر ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ 1801 سے 2000 سی سی تک کی گاڑی پر 2 لاکھ روپے ٹیکس عائد ہوگا۔بجٹ کے مطابق 2001 سے 2500 سی سی کی گاڑی پر 3 لاکھ روپے ٹیکس اور 2501 سے 3 ہزار سی سی کی گاڑی کی رجسٹریشن پر 4 لاکھ ٹیکس لگے گا، تین ہزار سی سی سے بڑی گاڑی پر 5 لاکھ روپے ٹیکس لگانے کی تجویز ہے۔بجٹ میں کار ڈیلرز اور قیمتی گھڑیوں کے ریٹیلرز پر ماہانہ 50 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس عائد کرنے کی بھی تجویز ہے جبکہ فکسڈ ٹیکس آمدن اور سیلز پر حتمی تصور ہوگا، اسپیشل کلاس کے ایسے دیگر ری ٹیلرز بھی فکسڈ ٹیکس کی زد میں آئیں گے۔