اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف کو اتحادی جماعتوں نے سخت فیصلوں پر ساتھ دینے کی یقین دہانی کروادی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ اتحادیوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ معیشت کے استحکام کے لیے معاشی ٹیم کی جانب سے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اتحادیوں نے مشورہ دیا کہ معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کو فوری حتمی شکل دی جائے۔اتحادی رہنماؤں نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کے سخت فیصلوں پر ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ حکومت کے ساتھ ہیں اور ہر فیصلے میں ساتھ ہوں گے۔