اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک این این آئی)ٹک ٹاکرز جنگلات کے دشمن بن گئے، مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں آگ لگا کر ویڈیو بناتے رہے۔ وائلڈ لائف بورڈ نے ملزمان کی نشاندہی کرلی جبکہ پولیس نے ایک ٹک ٹاکر کو ایبٹ آباد سے گرفتار کرلیا،
خاتون ٹک ٹاکر سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔تفصیلات کےمطابق مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے والے ٹک ٹاکرز نکلے، جنگلات میں آگ لگانے والے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آگئی۔ویڈیو میں ٹک ٹاکر لائیٹر سے آگ لگاتے دکھائی دے رہے ہیں ،دوسری ویڈیو میں خاتون بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتے نظر آرہی ہیں۔اسلام آباد وائلڈ لائف کے مطابق آگ لگانے والے ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وائلڈ لائف کے مطابق آسٹریلیا میں جنگلات کو آگ لگانے کی سزا عمر قید ہے، پاکستان میں بھی سخت قانون لانے کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ مارگلہ ہلز میں اتوار کی شام آگ بھڑک اٹھی تھی جو کئی گھنٹے لگی رہی تھی۔سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ کے مطابق سید پور رینج جنگل نمبر 19 اور بوٹینیکل گارڈن میں آگ لگی تھی۔