پشاور (این این آئی)پشاور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے ان کارکنوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے اپنے قائد عمران خان کے پہلے عوامی جلسے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بدتمیزی کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق
ایک بیان میں کیپٹل سٹی پولیس آفیسر اعجاز خان نے کہا کہ انہوں نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور پولیس حملہ آوروں کی شناخت کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کارکنان کے خلاف زور زبردستی ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔سی سی پی او نے کہا کہ پولیس صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور ان پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔یادرہے کہ بدھ کی شب پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران میڈیا کے مختلف اداروں کے لیے کام کرنے والے صحافیوں کو ہراساں کیا گیا اور ان سے بدتمیزی کی گئی۔پشاور پریس کلب کے جنرل سیکریٹری شہزادہ فہد جنہوں نے تقریب کی کوریج کی تھی، انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ منتظمین نے جلسہ عام کی کوریج کے لیے صحافیوں کے لیے صرف ایک کنٹینر رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر پہلے ہی ٹی وی کیمرے رکھنے اور انہیں وہاں سے چلانے کے لیے بہت تنگ تھا۔