اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )وزیراعظم شہباز شریف کی نئی کابینہ کے مجوزہ نام سامنے آگئے ہیں ۔روزنامہ جنگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو تین وزراء اور چار وزرائے مملکت کے قلم دان دیے جانے کی تجویز دی گئی ہے، رانا ثناء اللّٰہ کو داخلہ، احسن اقبال کو منصوبہ بندی کی
وزارتیں دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب کو اطلاعات، خواجہ آصف کو دفاع یا پانی و بجلی کی وزارت دینے کی تجویز دی گئی ہے، مفتاح اسماعیل کو مشیر وزارت خزانہ بنائے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی جانب سے وزارت نہ لیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی کابینہ میں دو وزارتیں دینے کی تجویز دی گئی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کو وزارت بحری امور بھی دیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ پی پی خواتین ونگ کی صوبائی صدرسینیٹر روبینہ خالد کو انکی پارٹی کیلئے گرانقدرخدمات کے صلے میں وفاقی کابینہ میں شامل کیاجائے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سینیٹرروبینہ خالد جن کا تعلق سادات خاندان سے ہے کی خیبرپختونخوابالخصوص پشاورکے عوام کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں انکاسیاسی خاندان عوامی خدمت کے جذبے سے سرشارہے محترمہ پارٹی کاشمار پارٹی کی دیرینہ رہنمائوں میں ہوتاہے اورانہوں نے سابقہ ادوارمیں پارٹی سمیت ملک کی بہترین اندازمیں خدمت کی ہے جس کے اعتراف میں سینیٹرروبینہ خالد کی وزارت میں جگہ انکاحق بنتاہے کارکنوںنے پارٹی قیات سے پرزورمطالبہ کیاکہ سینیٹرروبینہ خالد جیسی محترک خاتون کی کابینہ میں شمولیت ازحدضروری ہے لہذا مطالبے پرعمل درامدکیاجائے۔