لاہور (این این آئی)پاکستان ہاکی ٹیم کی ڈچ ہیڈ کوچ سیگفیڈ ایکمین نے کہا ہے کہ میں جادو گر ہوں ، نہ میرے ہاتھ میں جادو کی چھڑی ہے ، اس لیے میں ایشیا کپ سے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی گارنٹی نہیں دے سکتا۔ایک انٹرویومیں
قومی ٹیم کے ڈچ کوچ نے کہا کہ ایشیا کپ سے قبل آئندہ ہفتے یورپ کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، یہ ایک اہم دورہ ہے، اب ہم ٹاپ ٹیموں کے خلاف کھیلیں گے، یہ ہمارے پاس ایک اچھا موقع ہے کیونکہ ہم ٹاپ لیول پر کھیلنے کے عادی نہیں رہے ، اب اگر ہمیں موقع مل رہا ہے تو ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا ہے۔سیگفیڈ ایکمین نے کہا کہ اس وقت ہم رینکنگ میں 18 ویں نمبر پر ہیں ، یورپ میں ہمیں ٹاپ دو اور تین کے خلاف کھیلنا ہے تو اس سے ہمیں فائدہ ہو گا۔انہوںنے کہاکہ اس وقت ہمارا ٹارگٹ یہی ہے کہ ہم ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں اور اسی کیلئے محنت کر رہے ہیں، مجھے اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد بھی ہے، وہ اچھا کھیل سکتے ہیں اور کھیلیں گے بھی اور ہم کوالیفائی کر سکتے ہیں اور ایسا ممکن بھی ہے تاہم یہ آسان نہیں ہے، یہ ایک چیلنج ہے۔