ممبئی (این این آئی)عالیہ بھٹ اور رنبیر کپورکی شادی کے دوران جوتا چھپائی رسم میں ساڑھے 11 کروڑ کا مطالبہ کیا گیا، خاندانی ذرائع کے مطابق لڑکے والوں نے رسم میں خوب بھائو تائو کیا اور آخر کروڑوں روپے کی بجائے صرف ایک لاکھ روپیہ تھما دیا۔ واضح رہے کہ فیشن کے معاملے میں ہر دن کے ساتھ اپ ٹو ڈیٹ رہنے والی بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے شادی پر دْلہن میک اپ کرنے کی روایت توڑ دی ہے۔
29 سالہ عالیہ بھٹ فیشن کے معاملے میں نوجوان نسل کی آئیڈیل اداکارہ ہیں اور شوبز انڈسٹری میں آئیکون کی سی حیثیت رکھتی ہیں مگر اس چلبلی، موڈی اداکارہ نے اپنی شادی پر صدیوں سے چلتی آ رہی ایک رسم توڑ کر بہت سی لڑکیوں کے لیے آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔اداکارہ عالیہ بھٹ نے گزشتہ روز اداکار رنبیر کپور کے ساتھ نئی زندگی کے سفر کا آغاز کیا ہے، اس دوران جہاں انہوں نے ہر چیز ایک سے بڑھ کر ایک پہنی ہوئی تھی اور سولہ سنگھار کیا ہوا تھا وہیں دْلہنوں کو کیے جانے والے بھاری بھرکم میک کو نظر انداز کر کے نئی روایت قائم کی ہے۔عالیہ بھٹ ایک خوبصورت دْلہن بنی تھیں مگر اْن کے چہرے پر میک اپ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی ہے۔ہاں البتہ انہوں نے شادی کے دوران اپنے چہرے پر خوبصورت مسکراہٹ تو کبھی ہنسی سجائے رکھی جسے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی تصویروں میں خوب پسند کیا اور سراہا جا رہا ہے۔عالیہ بھٹ کے ’نو میک اپ لْک برائیڈ‘ کے چرچے بھارتی میڈیا پر خوب ہو رہے ہیں، عالیہ بھٹ کے بغیر میک اپ کے دْلہن بننے پر مداح بھی تعریفیں کر رہے ہیں۔دو روز قبل ہونیوالی بھارتی اکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور کی شادی کی تقریب سے سینکڑوں تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی 2022ء کی شاہانہ ترین بھارتی شادی ہے،
اس شادی میں دولہا دْلہن سمیت شرکت کرنیوالے مہمانوں نے بھی تیاری کیلئے خوب خرچہ کیا۔اس شادی کی وائرل ویڈیوز اور تصوریں انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے بے حد پسند کی جا رہی ہیں جن میں سے ایک ویڈیو کو کروڑوں مداحوں کی جانب سے ’کیوٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کے دوران ایک
دوسرے کو ہار ( ورمالا) پہنانے کی بھی رسم ہوئی۔اس دوران عالیہ بھٹ نے رنبیر کپور کی جانب سے ہار پہننے کے بعد جب خود یہ رسم ادا کرنے کے لیے ہار ہاتھ میں لیا تو رنبیر کپور کے دوستوں نے اْنہیں کندھوں پر اٹھا لیا۔عالیہ بھٹ کی آسانی کیلئے رنبیر کپور عاجزانہ انداز میں خود ہی دوستوں کے کندھوں سے نیچے اْتر آئے اور اپنی اہلیہ کے سامنے گھٹنے ٹیک کر بیٹھ گئے۔وائرل ہوتی اس ویڈیو کو انٹرنیٹ پر بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔