لاہور ( این این) مسلم لیگ (ن) لاہور کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا،عمران خان کے 2012میں اثاثے 60کروڑ تھے اب اربوں میں کیسے پہنچ گئے، آج نیب خاموش ہے کیونکہ پشاور میٹرو میں
وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کی ہے۔مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمدپرویز ملک ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور عامر خان نے پارٹی آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی قرضہ روزانہ 16ارب روپے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے، جہانگیر ترین منی لانڈرنگ‘ علیمہ خان کی بے نامی جائیداد کا جواب دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی خواہش ہے کہ ان کی نالائقی اور نااہلی پر کوئی سوال نہ اٹھائے، علیمہ باجی کی چوری اور جہانگیر ترین کی منی لانڈرنگ کی بات نہ ہو لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ دوسروں کی عزتوں کو اچھالو گے تو انگلیاں تو اٹھیں گی،حکومت کی جانب سے ہم پر وہی کنٹینر والے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ ایسی گفتگو اور جھوٹ بول کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔رہنماؤں نے کہا کہ تحریک انصاف فنڈنگ کیس، جہانگیر ترین کیس اور علیمہ باجی کی بے نامی جائیداد بارے بھی فواد چودھری کوبتانا چاہیے، موجودہ حکومت کو خود بھی اپنے نالائق اور نااہل ہونے کا پتا چل گیا ہے، اسحاق ڈار کی زبان بند کرنے سے بائیس کروڑ عوام کی زبان بند نہیں ہوگی۔