اسلام آباد (آئی این پی ) سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک وفد نے سوسائٹی کے صدر الطاف بٹ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا ، چیئرمین فاؤنڈر گروپ زبیر احمد ملک ، خالد قریشی اور خالد چوہدری سمیت تاجر برادری کے دیگر نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر الطاف بھٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں پچاس لاکھ سستے گھر تعمیر کرنا چاہتی ہے اور سی بی آر سوسائٹی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر اس منصوبے میں حکومت کے ساتھ تعاون کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آر سوسائٹی چیمبر کے ممبران کیلئے بھی ایک الگ بلاک تعمیر کرنے پر غور کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ شعبے سے تقریبا 334صنعتیں وابستہ ہیں اور اس شعبے میں سرمایہ کاری سے صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے بھی بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔الطافبھٹ نے کہا کہ سی بی آر سوسائٹی میں ایک سو بستروں پر مشتمل ایک فلاحی ہسپتال تعمیر کیا گیا ہے جس میں پچاس فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آر سوسائٹی نے فیز ٹو کیلئے سات سے آٹھ ہزار کنال زمین حاصل کر لی ہے جبکہ سوسائٹی نے بیس ہزار کنال زمین خریدنے کا ہدف رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویٹ ہومز کی طرز پر مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی کشمیر سویٹ ہومز بنایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے چیمبر کو اپنی سوسائٹی کے فیز ون اور فیز ٹو میں ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ چیمبر سی بی آر سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی دلچسپی کے منصوبوں میں جوائنٹ وینچرز پر غورکرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سی پیک منصوبے کے راستے پر ایک نئے انڈسٹریل زون کی اشد ضرورت ہے لہذا سی بی آر سوسائٹی اس منصوبے کیلئے زمین کی تلاش میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ سی ڈی اے کے موجودہ بلڈنگ بائی لاز رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک آئی ٹی ٹاور تعمیر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس خطے میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے روشن امکانات ہیں لیکن اس مقصد کیلئے سی ڈی اے کے قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بلڈنگ بائی لاز میں ضروری تبدیلی لانے کی کوشش کرے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے چیمبر کا دورہ کرنے پر سی بی آر سوسائٹی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کا باہمی تعاون ان کے ممبران کیلئے فائدہ مند نتائج کا باعث ہو گا۔



















































