اسلام آباد (سی پی پی )عمران خان کی تقریب حلف برداری کو لے کر سوشل میڈیا پر ایک الگ ہی بحث چھڑی ہوئی ہے۔ متوقع وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کے حوالے سے عمران خان کو کئی آپشنز دی گئیں ، ان کو مختلف جگہوں کا انتخاب کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی دی جاتی رہیں۔لیکن سکیورٹی اداروں نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کسی عوامی مقام پر تقریب حلف برداری کے انعقاد کی تجویز کو مسترد کر دیا تاہم اب عمران خان سے نیا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
کپتان کے کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر عمران خان سے تقریب حلف برداری میں شیروانی اور جناح کیپ پہننے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ عمران خان کو سوشل میڈیا پر بانی پاکستان قائد اعظم کے ساتھ ملایا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ جیسے قائد اعظم ایک عظیم لیڈر تھے ، عمران خان بھی انہی کے نقش قدم پر چل کر عوام کے دل جیت رہے ہیں اسی لیے ہم وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری میں عمران خان کو شیروانی اور جناح کیپ پہنے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔



















































