اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان اپنے کامیاب دورہ امریکہ کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے ،اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ان کاوالہانہ استقبال کیا گیا ، پاکستان کے مختلف شہروں اور آزاد کشمیر کے دور دراز سے آئے عوام نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے ، ائیر پورٹ پر عوام کا جم غفیر تھا، اس موقع پر جوش و خروش دیدنی تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفد کے دیگر ارکان بھی تھے ، یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز اسلام آباد پہنچنا تھا لیکن ان کے طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں مزید ایک رات امریکہ میں گزارنا پڑی، وہ آج صبح ہی جدہ پہنچے تھے جس کے بعدانہوں نے اسلام آباد کی فلائٹ پکڑی۔