اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ گیند اب ہمارے کورٹ میں ہے۔ سعودی عرب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی انویسٹمنٹ کرنے والا ہے ، گیند ہمارے کورٹ میں ہے ، صرف اگلے ہفتے کابینہ نے منظوری دینی ہے اور ہم باقاعدہ اعلان کر دیں گے۔
اسد عمر کامزید کہنا تھا کہ انہیں سعودی ولی عہد کے پیغامات بھی مل رہے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے معاملات میں تیزی کیلئے مسلسل پیغام وصول ہو رہے ہیں۔اسد عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا مکہ ان سے پوچھا جاتا ہے کہ چوروں کو جیل میں کب ڈالیں گے اور یہ لوگوں کی خواہش بھی ہے۔خیال رہے کچھ روز قبل پاکستان کو سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط موصول ہو ئی۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب پیکیج کے تحت یہ دوسری قسط پاکستان کو موصول ہوئی جب کہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی۔اس منتقلی سے اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 9 ارب 26کروڑ ڈالر ہو گئے تھے۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو معاشی اور مالی بحران سے نکالنے کیلئے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ جس میں سعودی عرب نے پاکستان کو ادھارتیل اور مالی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان امدادی قرض لینے کیلئے چین کا بھی دورہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ چین نے پاکستان کو توقعات سے بڑھ کر امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔



















































