اسلام آباد(این این آئی)ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے 726 افراد کو نوٹسز جاری کردئیے۔ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے جن افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں وہ مختلف تنظیمی عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں جنہیں ایف آئی اے اسلام آباد سے رابطے کا کہا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق جن افراد کو نوٹسز جاری ہوئے ان پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے فنڈ میں خطیر رقوم جمع کرانے کا الزام ہے۔ایف آئی اے نے ایم کیو ایم کے چار
موجودہ و سابق رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں جن میں بابر غوری، خواجہ سہیل منصور، احمد علی اور ارشد وہرہ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق چاروں افراد کو 12 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی چاروں افراد کو پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔یاد رہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ 2017 میں کراچی میں درج کیا گیا تھا ۔



















































