مکہ مکرمہ (این این آئی)مکہ مکرمہ میں موصول اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شب ایک غیر ملکی مسجد حرام کی ایک منزل سے نیچے کود کر جان کی بازی ہار گیا۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے مکہ ریجن پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ جمعہ کی شب تراویح کے وقت حکام کو اطلاع ملی کہ ایک نامعلوم غیر ملکی شخص مسجد الحرام کی بالائی منزل سے مطاف کے صحن میں کود گیا۔ زمین پر گرتے ہی اس کی وفات ہو گئی۔
متوفی کا جسد خاکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی شناخت اور بالائی منزل سے کودنے کے اسباب جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام اس بات پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ متوفی نے بالائی منزل پر آہنی جنگلہ ہونے کے باوجود کیونکر چھلانگ لگائی۔نجی ٹی وی کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا۔ خودکشی کرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ۔