اسلام آباد ( نیوزڈیسک) وفاقی کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کے 97 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔ نجکاری سے 90 کروڑ 50 لاکھ روپے حاصل ہوں گے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کے 97 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دی گئی۔ شیئرز کی فروخت سے 90 کروڑ 50 لاکھ روپے حاصل ہوں گے۔ یہ شیئرز کارگل ہولڈنگ لمیٹڈ کو فروخت کئے جائیں گے۔ حکومت پاکستان 3 فیصد شیئرز اپنے پاس رکھے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ملازمین کے مفادات کا بھی تحفظ کیا جائے۔