اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق موجودہ ریٹنگ، سی، اے، اے، ون پر ہی برقرار رکھا۔ موڈیز کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور مالیاتی نظم و ضبط کے باعث پاکستان کا اقتصادی منظرنامہ مثبت ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ پندرہ ماہ میں زرمبادلہ کے ذخائر میں آٹھ ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف سے ملنے والی رقوم یورو اور سکوک بانڈ کے اجراء سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔ بیرونی ادائیگیوں کے شعبے میں بہتری آئی، تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی سے مالی خسارہ جی ڈٰی پی کے اعشاریہ آٹھ فیصد پر رہے گا۔ موڈیز کے مطابق پاکستان کی معیشت کو بہتری کے باوجود کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ قرضوں کی ادائیگی پر ہونے والے اخراجات ، غیر ملکی امداد پر انحصار اور بڑا مالی عدم توازن پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ سیاسی اور معاشی محاذوں پر ابھی بھی خطرات کا سامنا ہے۔