اسلام آبا د(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر وفاقی وزرا میاں جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمے کے معاملے پر وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی اور انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس پنجاب فیصل شاہکار کے مابین ڈیڈ لاک رہا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کے انکار پر سی سی پی او نے پنجاب حکومت کے حکم پر مقدمہ درج کیا۔ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار مقدمہ درج کیے جانے کے خلاف تھے جبکہ آئی جی نے 25 مئی کے واقعات کے ذمہ دار افسران پر بھی مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ عمران خان آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا پہلے ہی کہے چکے ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ آئی جی بھی چیف سیکرٹری کی طرح چھٹی پر چلے جائیں۔خیال رہے کہ پنجاب کے وزیرِ داخلہ ہاشم ڈوگر نے تصدیق کی ہے کہ لاہور کے تھانہ گرین ٹائون میں مسلم لیگ نے رہنماوں جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ہاشم ڈوگر نے کہا کہ ایم ڈی سرکاری ٹی وی راشد بیگ اور پروگرام پروڈیوسر کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ہاشم ڈوگر نے کہاکہ کسی شہری کے خلاف مذہبی منافرت اور تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیرِ داخلہ پنجاب نے کہا کہ مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔