اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان نے نظامِ انصاف میں حکومت کی جانب سے مداخلت کا ازخود نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ازخودنوٹس ساتھی جج کی نشاندہی پر لیتے ہوئے ازخود نوٹس جمعرا ت 19 مئی کو دن ایک بجے سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5رکنی لارجزبینچ سماعت کریگا۔حکومتی اتھارٹیز کی جانب سے فوجداری قانون پر قدغن عائد کرنے پر نوٹس لیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق اہم افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ نظام انصاف میں مداخلت کے مترادف ہے اس مداخلت سے شواہد میں گڑبڑ اور غائب ہونیکاخدشہ ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی مداخلت سے شواہد ضائع ہونے اور پراسیکیوشن پر اثرانداز ہونیکاخدشہ ہے اور ایسا مجموعی طور پر معاشرے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے ضمرے میں آئیگا۔