اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مریم نواز نےشہباز شریف کی جانب سے حکومت کو میثاق معیشت کی پیشکش کو مذاق معیشت قراردیدیا ،نجی ٹی وی کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں پارٹی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی حب الوطنی پر کسی کوبھی ذرا برابر شک نہیں،ان کی اپنی رائے ہے ، اب میں جو آپ کو دینے لگی ہوں ، وہ میری ذاتی رائے ہے جس کا مجھے حق ہے ، میں اپنا نقطہ نظر پارٹی میٹنگز میں
بھی مودبانہ طریقے سے رکھتی ہوں، مسترد ہوجائے تو الگ بات ہے ، میری ذاتی رائے میں میثاق معیشت مذاق معیشت ہے ، جو شخص جعلی طریقے سے اقتدار میں آیا اور معیشت کا بیڑہ غرق کیا، اس سے کسی قسم کی کوئی بات نہ کی جائے ، معیشت کا بیڑا غرق کرنیوالوں سے میثاق نہیں کرنا چاہیے ۔نواز شریف بھی میثاق معیشت کے حامی نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ پارٹی نائب صدر بننے کے بعدمریم نواز نے اپنی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا ہے ۔