اسلام آباد (آن لائن)وزیر صحت عامر کیانی اور ادویات بنانے والی کمپنیوں میں گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے ، حکومت نے وفاقی وزیر صحت کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا ،ملک بھر میں دوائوں کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد سے وزیراعظم عامر کیانی سے سخت ناخوش ہیں۔ وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی، تاہم وزیر صحت کی نااہلی کے باعث ادویات بنانے والی کمپنیوں نے یہ اضافہ 100 فیصد کردیا۔میڈیا رپورٹ کے
مطابق وزیراعظم کو ایک رپورٹ دی گئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیر صحت عامر کیانی اور ادویات بنانے والی کمپنیوں کا گٹھ جوڑ ہے، جس کے باعث ادویات کی قیمتوں میں یکدم ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر صحت عامر کیانی اپنی وزارت کے معاملات سے زیادہ اپنے ذاتی کاروبار کو ترجیح دے رہے ہیں،رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ عامر کیانی کو فوری طور پر وزارت سے الگ کر کے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے۔