اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئی ہیں، شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی وفاقت کی تصدیق کر دی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کے جسد خاکی کو پاکستان لانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کئی ماہ سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں۔
گزشتہ رات حالت خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ گردوں کےڈائیلائسز بھی کئے جا رہے تھے۔ نواز شریف ، مریم نواز کی بیگم کلثوم نواز کیساتھ آخری ملاقات لندن سے وطن واپسی کے موقع پر الیکشن سے قبل ہوئی تھی جہاں اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہنچنے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز سے آخری ملاقات ان کی بیہوشی کے موقع پر کی تھی۔ بیگم کلثوم نواز نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر ہوش میں نہیں تھیں جس پر نواز شریف کئی بات افسوس کا اظہار کر چکے ہیں جبکہ مریم نواز اپنی والدہ سے آخری ملاقات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئی تھیں اور ان کی ہچکیاں بندھ گئیں تھیں۔ نواز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی پیشانی پر ہاتھ رکھ کر انہیں دعا دیتے ہوئے انہیں ان کی بیہوشی میں مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کلثوم ہم جا رہے ہیں اب پتہ نہیں کب ملاقات ہو۔ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر وزیراعظم عمران خان، حکومتی وزرا ، بلاول بھٹو سمیت سیاسی قائدین اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بیگم کلثوم نواز کے جسد خاکی کی پاکستان لانے کے حوالے سے لندن ہائی کمیشن کو خصوصی ہدایات بھی دے دی ہیں۔