چکوال( آن لائن)چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے اتوار کے روز بتایا کہ نئی آنے والی عمران خان کی حکومت کے مثبت کاموں پر ہم تعاون کریں گے مگر خیبر سے کراچی تک پوری قوم کو یقین ہے کہ موجودہ حکمرانوں کا مینڈیٹ عوامی نہیں بلکہ ایک سکرپٹ کے ذریعے آیا ہے مگر اس کے باوجود ہماری خواہش ہے کہ عمران خان تبدیلی کا جو نعرہ لیکر آئے ہیں اس کو عملی شکل دیں،
زبانی دعوؤں پر کوئی یقین نہیں رکھتا، مسلم لیگ ن نے گزشتہ پانچ سالوں میں دس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے او ریہ ریکارڈ پر ہے اگر اب اس کو صحیح طریقے سے قابو میں نہیں کیا جا رہا اور لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے تو یہ حکمرانوں کی نااہلی ہے ، وہ مسلم لیگ ن سٹی چکوال کے صدر شاہد عباسی کے تعزیتی ریفرنس میں خطاب کررہے تھے۔ ریفرنس کا اہتمام آفاق میڈیا گروپ اور چکوال پریس کلب نے مشترکہ طور پر کیا تھا، اجلاس میں شاہد عباسی کے بھائی ظفر عباسی اور تایا زاد بھائی ارشد محمود عباسی بھی سٹیج پر موجود تھے۔ جبکہ تقریب سے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سلطان حیدر اور حاجی عبدالرزاق جامی نے بھی خطاب کیا جبکہ ملک صفی الدین صفی نے اپنے خوبصورت شعروں کی ذریعے شاہد عباسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود نے ریفرنس کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ شاہد عباسی کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ انہوں نے عوام کی خدمت کی ہے ، پیر عبدالشکور نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہد عباسی ایک مذہبی شخصیت تھے اور انہوں نے سانحہ دوالمیال میں شہید شفیق کے اہل خانہ کی ہر طرح سے مالی معاونت کی۔ چوہدری سلطان حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہد عباسی کی وفات سے عباسی خاندان کے علاوہ مسلم لیگ ن کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور شاہد عباسی نے جنرل پرویز مشرف کے مشکل دور میں مسلم لیگ ن کی سٹی صدارت کی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھائی۔
حاجی عبدالرزاق جامی نے اپنے روحانی خطاب میں شاہد عباسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ میاں نواز شریف کا سپاہی تھا اور میں خصوصی طور پر شاہد عباسی کی سیاسی خدمات کے اعتراف میں یہاں حاضر ہوا ہوں۔ جنرل عبدالقیوم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ شاہد عباسی جیسے سیاسی کارکن بہت کم پیدا ہوتے ہیں اور شاہد عباسی نے مسلم لیگ ن کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں۔ آخر میں حاجی عبدالرزاق جامی نے شاہد عباسی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کروائیں۔ تعزیتی ریفرنس میں شیخ محمد رضوان فاروقی، علامہ لطیف عباسی، احمد فاروقی، طاہر فاروقی، مطلوب فاروقی، قاضی غلام عباس، شہزاد قریشی، پیر اکبر ساقی نقشبندی،چیئرمین ممتاز الحق ، قاری اسد عرفان، ندیم یعقوب فاروقی، عامر فاروقی اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



















































