اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے (ن) لیگ کی حکومت کی شہ خرچیوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ پارلیمان کو اعتماد میں لیکر کئے جائینگے ۔اتوار کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا سٹریٹجی اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ قیادت شریک ہوئی ۔ اجلاس کے دور ان تحریک انصاف کی حکومت کے بڑے فیصلوں کو ہائی لائٹ کرنے کی حکمت عملی ٗاخراجات میں واضح کمی،
وزیر اعظم کے صوابدیدی اختیارات کا خاتمہ ٗمڈل کلاس کے نمائندے کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب انتخاب سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس کے دور ان فیصلہ کیا گیا کہ سابقہ (ن) لیگی حکومت کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی ٗسابقہ ن لیگی حکومت کی طرف سے پیدا کی گئی معاشی اور بالخصوص پاور اور انرجی سیکٹر میں بدحالی پر بریفنگ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری کے مطابق تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ ، پارلیمان کو اعتماد میں لے کر کیئے جائیں گے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سعودی وزیر اطلاعات کو الوداع کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وزیر اطلاعات اور وفد کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جو میری دعوت پر پاکستان آئے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی اور مذہبی طور پر بہت مظبوط ہیں۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد کے مطابق ملاقاتوں میں سعودی وزیر کو حکومت کی ترجیحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں جو ملاقاتوں میں زیر غور رہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی وزیر نے پاکستان میں نئی حکومت کی ترجیحات اور منشور کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے سعودی وزیر اطلاعات کو ان کے دورے کا تصویری البم بھی پیش کیا۔



















































