مظفرآباد – وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی میں جنگ کے دوران افواج پاکستان نے بھارت کو زبردست جواب دیا اور امریکی کانگریس نے بھی اس کارکردگی کی تصدیق کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے بلا خوف میری مشاورت سے اہم فیصلے کیے۔وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مئی میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور امریکی کانگریس کی رپورٹ نے جنگ میں ہماری فتح پر مہر ثبت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اب تو امریکی صدر بھی تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان نے بھارت کے جدید جنگی جہاز مار گرائے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی 7 بھارتی جہاز مار گرانے کا ذکر کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا ہے اور شاہینوں کی کارکردگی نے دشمن کو گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کیا۔ جنگ میں بری افواج نے الفتح میزائل داغے اور فیلڈمارشل کی قیادت میں بلاخوف مشاورت سے بھرپور فیصلے کیے۔ افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیامیں وقار بلند ہوا۔پوری دنیا میں ہمارے لئے گرم جوشی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔















































