لاہور( این این آئی) پاکستان نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور کے ہوائی اڈے سے امدادی سامان روانہ کیا ۔ اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل ایمر اوزبے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی،
وفاقی وزیر سردار ایاز صادق، خواجہ احمد حسان اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل ایمر اوزبے سے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں زلزلے سے متاثرہ اپنے بہن بھائیوںکو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ترکیہ کا فوجی طیارہ100 ٹن امدادی سامان لے جانے کی گنجائش کا حامل ہے مجموعی طور پر گزشتہ روز142 ٹن امدادی سامان ترکیہ بھجوایا گیا۔12 ٹن امدادی سامان پی آئی اے کے 777 جہاز کے ذریعے لاہور سے ترکیہ پہلے ہی روانہ ہوچکا ہے جبکہ30 ٹن امدادی سامان پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے اسلام آباد سے ترکیہ کیلئے روانہ کیا گیا ۔40 ٹن سامان لے جانے کے لئے دوسرا طیارہ ترکیہ سے آج ہفتہ پاکستان پہنچے گا جو مزید امدادی سامان لے کر واپس ترکیہ روانہ ہو گا۔