کراچی، اسلام آباد ( این این آئی)چین کے قونصل جنرل لی بیجیان نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستانی معیشت کو جکڑنے نہیں مضبوط کرنے کا سبب بن رہا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستانی معیشت کو سری لنکا کی صورتحال سے تشبیہ دینا درست نہیں۔
قونصل جنرل لی بیجیان نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کو سستا قرضہ دیا جارہا ہے، یہ پاکستان کے مجموعی قرضے کے مقابلے میں بہت کم ہے۔دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منسٹری آف پبلک سکیورٹی عوامی جمہوریہ چین مسٹر گاؤ فی نے ایک اعلی سطح وفد کے ہمراہ قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی کے صدر دفتر اسلام آباد (نیکٹا ہیڈ کوارٹرز)کا دورہ کیا،نیشنل کوارڈینیٹر نیکٹا ‘محمد طاہر رائو(ہلال شجاعت) نے وفدکو انسداد دہشت گردی وشدت پسندی میں نیکٹا کی کاوشوں پر تفصیلاً بریف کیا ۔ اس موقع پر نیشنل کوآرڈینیٹر نے انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔مسٹر گاؤ فی نے انسداد دہشت گردی و شدت پسندی میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات میں دونوں اطراف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی پیک پروجیکٹس کو سبوتاژ کرنے والے تمام مشترکہ دشمن عناصر کے خلاف مل کر نمٹا جائے گا ۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ نیکٹا اور NCTLGO پْرتشدد عناصر کی سرکوبی کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے اور ایسے تمام غیر ریاستی عناصر کو شکست دیں گے۔