مدینہ منورہ،مکہ مکرمہ(این این آئی)سعودی عرب میں عالم اسلام کے مقدس مقام مسجد نبوی میں روضہ رسول ۖ کی خدمت پر مامور سب سے پرانے خادم آغا حبیب العفری انتقال کرگئے ۔ سعودی اخبار کے مطابق آغا حبیب العفری کا شمار مسجد نبویۖ کے سب سے قدیم خادموں میں ہوتا ہے۔
وہ حجرہ نبویہ الشریفہ کی صفائی و دیگر امور کے ذمہ دار تھے۔مسجد نبویۖ الشریف میں روضہ رسول ۖ کی خدمت کیلئے مخصوص افراد کو تعینات کیا جاتا ہے، ان خدمت گزاروں کوآغوات کہا جاتاہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں عالم اسلام کے مقدس ترین مقام مکہ مکرمہ میں شاہ عبدالعزیز غلاف کعبہ کمپلیکس کی انتظامیہ نے حجاج کرام میں تحائف کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سعودی میڈیا نے غلاف کعبہ کمپلیکس کے اعلامئے کے حوالے سے بتایا کہ” حجاج کی خدمت ہمارے لئے اعزاز ہے ”کے عنوان سے مہم کے تحت کمپلیکس میں آنیوالے حجاج کرام میں تحائف کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ کمپلیکس کے انڈرسیکرٹری عبدالحمید بن سعید المالکی نے کہا کہ اعلی سعودی قیادت کے پیش نظر حجاج کرام کی خدمت ہے اسی نظریئے کو مقدم رکھتے ہوئے حجاج میں تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں۔ تحائف کی تقسیم کے موقع پر شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کے دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے جن میں کمپلیکس کے نگراں انجینئر فارس المطرفی، ڈائریکٹر جنرل فیصل صالح مدنی بھی شامل تھے۔