کراچی(این این آئی)معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی 74 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئیں۔تفصیلات کے مطابق معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی بیوہ اور سماجی کاموں کے حوالے سے معروف بلقیس ایدھی انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے کی۔بلقیس ایدھی گزشتہ چند روز سے انتہائی علیل اور کراچی کے نجی اسپتال میں
زیر علاج تھیں۔طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فائونڈیشن کو بنانے میں ،بلقیس ایدھی نے اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیا۔وہ 14 اگست 1947 کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیداہوئیں اور پھر فیملی کے ساتھ ہجرت کرکے کراچی آبسیں۔عبدالستار ایدھی سے ان کی شادی 1966 میں ہوئی اور 50 سالہ رفاقت 2016 میں ایدھی کے انتقال تک جاری رہی۔حکومت پاکستان نے انہیں شاندار سماجی خدمات پر ہلال امتیاز کیا عزاز سے نوازا ، انہیں روسی حکومت کی طرف سے لینن پیس پرائز بھی ملا ۔محض سولہ برس کی عمر میں انہوں نے ایدھی صاحب کے نرسنگ اسکول سے نرسنگ کی تربیت حاصل کی۔اسی ادارے میں دو برس تک خدمات انجام دیں عبدالستار ایدھی سے شادی کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ان کی خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان کی جانب ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے دوہزار پندرہ میں مدر ٹریسا ایوارڈ سے نوازا گیا۔انہوں نے سوگواروں میں فیصل ایدھی، کبری ایدھی، کتب ایدھی اور الماس ایدھی کو چھوڑا ہے۔بلقیس ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے بتایا کہ پیاری امی جان دنیا میں نہیں رہیں۔ انہوں نے بتایاکہ رمضان سے دو دن قبل ان کو دل کا دورہ پڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ بلقیس ایدھی کو عارضہ قلب لاحق تھا اور وہ گزشتہ 6 روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھی۔فیصل ایدھی نے کہاکہ عارضہ قلب کے ساتھ ساتھ انہیں بلند فشار خون اور ضیابیطس کا مرض لاحق تھا۔جمعہ کو مختصر علالت کے بعد رضائے الہی سے انتقال کرگئیں۔بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد مرحومہ ایدھی فائونڈیشن کی چیئرپرسن تھیں۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے مرحومہ کی ایصال ثواب کیلئے دعا کی جبکہ وزیراعلی سندھ نے مرحومہ کے سماجی خدمات کو سراہا۔علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی محترمہ بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آپ نے مرحوم ایدھی صاحب کے مشن کو احسن طریقے سے آگے بڑھایا، بلقیس ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔