راولپنڈی (این این آئی) رہنماء پی ٹی آئی فیصل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کو معلوم ہے 9مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے،پیغام دیا گیا اپوزیشن کے معاملات یا ان کے لیڈروں کو مخاطب نہ کریں، عدالتیں، پولیس، ایف آئی اے کو اپنے کاموں سے ہٹا کر تباہ کیا جا رہا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے ایک ڈکٹیٹر کا حکم ہی ملک میں قانون ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ ٹرائل میں ایسی چیزیں ہو رہی ہیں کہ گواہ اور ملزمان کو سمجھ نہیں آرہی کیا ہو رہا ہے، یہ قطعی طور پر فیئرٹرائل کے ذمرے میں نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ اے ٹی سی کے باہر فائرنگ ہوئی اور ایک شخص جاں بحق ہوا، سیکیورٹی خطرات کے باوجود یہ کیس ملتوی نہیں ہوا، 9مئی کے ملزم سے برآمد ایک موبائل فون آج مکمل چارج حالت میں عدالت میں پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں کوئی بھی غیرسرکاری گواہ نہیں ہے، ایک گواہ کہتا ہے بھیس بدل کر زمان پارک میں میز کے نیچے چھپا تھا، دوسرا کہتا ہے بھیس بدل کر چکری میں کور کمیٹی میٹنگ میں چلا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آج بریت کی درخواست دائر کی گئی ہے، سینیٹر چوہدری اعجاز کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر بانی پی ٹی ائی نے مذمت کی ہے، اگر ہائوس اس کا نوٹس لینے میں ناکام رہتا ہے تو ہم تسلسل سے کہتے آرہے ہیں کہ ملک میں نہ جمہوریت، آئین اور نہ قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتیں، پولیس، ایف آئی اے کو اپنے کاموں سے ہٹا کر تباہ کیا جا رہا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک ڈکٹیٹر کا حکم ہی ملک میں قانون ہے، قانون اور منتخب نمائندوں کی کوئی وقعت نہیں رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کسی بھی مملکت کو چلانے کیلئے بنیادی تقاضا ہوتا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالت کو زیرنگیں کر لیا گیا ہے اور کورٹ پیکنگ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جن ججوں نے بانی کو جھوٹے مقدمے میں سزا دی ان کا تقرر اسلام اباد ہائی کورٹ میں کیا جا رہا ہے، ایک جج کیخلاف انکوائری بھی ہے، بانی پی ٹی آئی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کالی بھیڑ اور پولیٹیکلی بائیسڈ فرد قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سپریم کورٹ بنیادی شہری حقوق کی حفاظت کرے، سویلین کے ملٹری ٹرائل کی بین الاقوامی اور ملکی قوانین میں کوئی گنجائش نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے وزارت دفاع کے وکیل کے بیان کو ویلکم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ 9مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے، 9مئی کا ماسٹر مائنڈ وہ ہے جس نے بانی پی ٹی آئی کو اغوا کروایا اور سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی ۔انہوں نے کہا کہ 9مئی فالس فلیگ آپریشن ہے سیاسی طور پر پک اینڈ چوز ہو رہا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 26نومبر اور 9مئی واقعات کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے آزاد انکوائری کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کی مخالفت کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، ما سوائے اس کے کہ وہ خود بھی اس میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر اور عمر ایوب کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کر کے انہیں مذاکراتی عمل اور ہماری سیاسی پوزیشن سے متعلق اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام دیا گیا ہے کہ اپوزیشن کے معاملات یا ان کے لیڈروں کو مخاطب نہ کریں، ہمارا مقصد پاکستان میں فری اینڈ فیئر الیکشن، آئین اورجمہوریت کی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت بحال ہو اور قانون کی حکمرانی واپس آئے اور ملک میں معطل بنیادی انسانی حقوق دوبارہ بحال ہوں۔