ہفتہ‬‮ ، 28 دسمبر‬‮ 2024 

صدر ممنون حسین کےلئے

datetime 23  مئی‬‮  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شیخ حفیظ صاحب میں چاروں خوبیاں تھیں‘ وہ صاحب مطالعہ تھے‘ وہ آخری عمر تک کتابیں پڑھتے رہے‘ مجھے امیر تیمور سے انہوں نے ہی متعارف کرایا تھا‘ میں نے سیرت کی درجنوں کتابیں بھی ان کی ”ریکمنڈیشن“ سے پڑھیں‘ ان کی کتابوں میں ”عکس سیرت“ جیسی معرکة الآراءکتاب بھی شامل تھی‘ میرا تجربہ اور مشاہدہ ہے دنیا میں کتابیں پڑھنے والا کوئی شخص تنگ نظر نہیں ہو سکتا‘ مطالعہ آپ کے دماغ اور ظرف دونوں کو وسیع کرتا ہے اور شیخ حفیظ کھلے دل و دماغ کے انسان تھے‘ ان کی دوسری خوبی سفر تھی‘ وہ عین جوانی میں پورا یورپ پھر کر واپس آ گئے تھے‘ یہ سفر ان کی شخصیت کا حصہ تھا‘ وہ گفتگو میں ہمیشہ کسی نہ کسی ملک کا حوالہ دیتے تھے‘ میرا یہ بھی تجربہ اور مشاہدہ ہے سفر بھی انسان کے وژن کو کھولتا ہے اور مسافر کبھی ”بائیسڈ“ نہیں ہو سکتے‘ یہ تمام انسانوں سے محبت کرتے ہیں‘ شیخ صاحب ہمیشہ مشورہ دیا کرتے تھے تم دنیا کو جتنا دیکھ سکتے ہو بڑھاپے سے پہلے دیکھ لو کیونکہ انسان ساٹھ سال کی عمر کے بعد بے بس ہونے لگتا ہے‘ اس کے ہاتھ اور پاﺅں کنٹرول میں نہیں رہتے‘ میں نے ان کا یہ مشورہ بھی پلے باندھ لیا‘ ان کی تیسری خوبی دنیا داری تھی‘ وہ زندگی کی تمام بھٹیوں سے گزرے ہوئے انسان تھے‘ بچپن اور جوانی میں بے انتہا امارت دیکھی‘ والد رئیس آدمی تھے‘ انہوں نے بیٹے کو 1960ءکی دہائی میں پڑھنے کےلئے لندن بھجوا دیا‘ وہ جوانی میں زندگی کی تمام فکروں سے آزادرہے لیکن خاندان پھر زوال کا شکار ہو گیا اور سیٹھ کا بچہ ہوٹل میں کام کرنے پر مجبور ہو گیا‘ عروج و زوال کے اس کھیل نے ان کے سامنے انسانوں‘ دوستوں‘ رشتے داروں اور دشمنوں کے سارے رنگ کھول کر رکھ دیئے‘ میرا یہ بھی تجربہ اور مشاہدہ ہے دنیا کا جو انسان جوانی میں عروج اور زوال دونوں دیکھ لے وہ مردم شناس ہو جاتا ہے‘ اللہ تعالیٰ اس میں انسانوں کی شاخت کی سینس پیدا کر دیتا ہے اور شیخ صاحب مرحوم میں یہ خوبی بھی موجود تھی‘ وہ چند لمحوں میں دوسروں کو سمجھ جاتے تھے‘ وہ مجھے ہمیشہ کہتے تھے کسی شخص کے ساتھ چلنے سے پہلے اسے چیک کر لیا کرو‘ دھوکے سے بچ جاﺅ گے‘ وہ کہتے تھے وعدہ کردار کا مین سورس ہوتا ہے‘ جو شخص وعدہ خلاف ہو وہ کبھی اچھا نہیں ہو سکتا اور جو شخص بات کرنے کے بعد کھڑا رہے وہ کبھی برا نہیں ہو سکتا‘ آپ خود کبھی وعدہ خلافی نہ کرو اور کسی وعدہ خلاف کے ساتھ چلنے کی غلطی نہ کرو‘ وہ کہتے تھے لوگ زیادہ تر پیسے پر ”ایکسپوز“ ہوتے ہیں‘ آپ کے دوست اگر آپ سے ادھار لے کر واپس نہ کریں تو یہ آپ کے دوست نہیں ہیں اور اگر اسی طرح آپ کے مشکل وقت میں آپ کا خوش حال دوست آپ کی مدد نہیں کرتا تو آپ اسے اپنا دوست سمجھ کر غلطی کر رہے ہیں اور ان کی چوتھی خوبی ان کے باطنی علوم تھے‘ وہ رمل کے ماہر تھے‘ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس علم پر کمال دسترس دے رکھی تھی‘ وہ اعداد کا حساب لگا کر چند لمحوں میں پیش گوئی کر دیتے تھے اور ان کی پیش گوئی عموماً سچ ثابت ہوتی تھی‘ میں ان سے یہ علم سیکھنے کی کوشش کرتا رہا لیکن میں 15 سال کی تپسیا کے باوجود نہ سیکھ سکا‘ وہ کہتے تھے‘ یہ مشکل علم ہے‘ یہ چالیس سال کی مسلسل مشقت کے بغیر نہیں آ سکتا۔شیخ حفیظ مرحوم ہر لحاظ سے میرے استاد تھے‘ میں نے زندگی کے ہر مشکل لمحے میں ان کی مدد لی اور انہوں نے دل و جان سے میری مدد کی۔
کل رات شب برا¿ت تھی‘ مجھے کل اچانک شیخ حفیظ صاحب یاد آ گئے‘ میں نے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ان کےلئے دعا کی اور پھر سوچا میرے استاد کی کوئی ایسی خواہش جسے میں پورا نہ کر سکا ہوں‘ میں سوچتا رہا لیکن مجھے یاد نہیں آیا‘ ہاں البتہ وہ زندگی کے آخری حصے میں اپنے پینشنر دوستوں کےلئے پریشان رہتے تھے‘ وہ کہا کرتے تھے ”ہم نے پینش کےلئے محتسب اعلیٰ کو درخواست دے رکھی ہے‘ کیا یہ فیصلہ میری زندگی میں ہو جائے گا“ میں اس وقت ان کی اس بات کو سیریس نہیں لیتا تھا لیکن کل رات یہ بات اچانک یاد آ گئی‘ شیخ حفیظ صاحب نے پوری زندگی حبیب بینک میں ملازمت کی‘ یہ 1997ءمیں وائس پریذیڈنٹ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے‘ حکومت نے 2002ءمیں حبیب بینک کی نج کاری کر دی‘ نج کاری کے وقت فیصلہ ہوا بینک کے ریٹائر ملازمین کو 1977ءکی سکیم کے تحت پینشن اور مراعات دی جائیں گی‘ حکومت نے 30 نومبر 1977ءکو حکم جاری کیا تھا حکومت کے ملازمین کی پینشن اور گریجویٹی میں جب بھی اضافہ ہو گا‘ بینکوں کے ملازمین کو بھی اتنا ہی اضافہ دیا جائے گا‘ حبیب بینک کی نجکاری کے وقت یہ شق بھی معاہدے میں شامل کر دی گئی‘ اس وقت بینک کے 880 سینئر ملازمین ریٹائر ہو چکے تھے‘ نئی انتظامیہ انتظامات سنبھالنے کے بعد معاہدے سے منحرف ہو گئی اور اس نے پینشن میں اضافے سے انکار کر دیا‘ یہ انکار آج تک جاری ہے‘ یہ ملازمین اس وقت چار‘ پانچ اور چھ ہزار روپے پینشن لے رہے ہیں‘ یہ آج کے مہنگائی کے دور میں ان چند ہزار روپوں میں گزارہ کر رہے ہیں‘ یہ ملازمین انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف وفاقی محتسب کی عدالت میں چلے گئے‘ یہ کیس 14 سال چلا یہاں تک کہ وفاقی محتسب نے 2014ءمیں ریٹائر ملازمین کے حق میں فیصلہ دے دیا‘ بینک نے فیصلے کے خلاف صدر پاکستان کے سامنے اپیل کر دی‘ صدر نے یہ فیصلہ پینڈنگ کر دیا‘ یہ فیصلہ تاحال معطل ہے‘ اس دوران 880 سینئر ملازمین سے آدھے شیخ حفیظ صاحب کی طرح انتقال کر گئے جبکہ باقی آدھے ایوان صدر کی طرف دیکھ رہے ہیں‘ بینک انتظامیہ کی پوری کوشش ہے یہ لوگ بھی فیصلے پر عملدرآمد سے پہلے اللہ تعالیٰ کو پیارے ہو جائیں‘ یہ لوگ اس وقت ستر اور اسی کی دہائی میں ہیں‘ یہ تیس‘ پینتیس اور چالیس سال بینک کی خدمت کرتے رہے لیکن بینک نے انہیں گنڈیری کی طرح چوس کر پھینک دیا‘ کیا یہ ظلم نہیں؟اور یہ لوگ اگر اسی طرح دنیا سے محروم چلے گئے تو کیا یہ انصاف ہوگا؟
صدر ممنون حسین خود بزرگ شہری ہیں‘ یہ چند لمحوں کےلئے خود کو ان ملازمین کی قطار میں کھڑا کر کے دیکھیں‘ یہ چند لمحوں کےلئے سوچیں یہ ریٹائر لوگ بزرگ بھی ہیں‘ یہ بیمار بھی ہیں اور یہ بے آسرا بھی ہیں اور ان کے اس ادارے نے بھی انہیں چھوڑ دیا ہے جس کو انہوں نے زندگی کے تیس چالیس سال اپنا خون دیا تو ان کی کیا حالت ہو گی؟ اگر آپ ان کی جگہ ہوتے تو آپ کیا محسوس کرتے؟ صدر ممنون حسین اگر چند لمحے دے دیں‘ یہ اگر دو منٹ کےلئے حبیب بینک کے پینشنرز کی فائل منگوا کر پڑھ لیں تو مجھے یقین ہے یہ اپنی ناک کے نیچے ہونے والا ظلم دیکھ کر پریشان ہو جائیں گے‘ یہ جان لیں گے ہمارا دفتری نظام ظالم کے ساتھ کس حد تک مل جاتا ہے‘ یہ کس طرح تاخیری حربے استعمال کر کے مظلوم کو مزید مظلوم بنا دیتا ہے‘ یہ جان لیں گے وفاقی محتسب اعلیٰ نے 2014ءمیں حبیب بینک کے ملازمین کے حق میں فیصلہ دیا‘ بینک نے فیصلے کے خلاف صدر پاکستان کو اپیل کی اور صدر نے معاملہ ”پینڈنگ“ کر دیا‘ اس ”پینڈنگ“ کو دوسال گزر چکے ہیں‘ ان دو برسوں میں شیخ حفیظ جیسے درجنوں ریٹائر ملازمین انتقال کر گئے ہیں‘ باقی تیاری میں بیٹھے ہیں یا پھر ہسپتالوں میں آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ان کا کیا قصور ہے؟
مجھے یقین ہے صدر صاحب جب یہ فائل دیکھیں گے تو یہ خود کو ان بزرگوں‘ ان بیماروں کے مسائل کا ذمہ دار سمجھیں گے‘ صدر صاحب اگر حکومت کے دوسرے اداروں کے ریٹائر ملازمین کی پینشن کا ریکارڈ بھی دیکھ لیں تو انہیں معلوم ہو جائے گا 16 برسوں میں سرکاری اداروں بشمول سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ملازمین کی پینشنوں میں سات گنا اضافہ ہوا‘ حبیب بینک کے وہ ریٹائر ملازمین جو آج صرف پانچ چھ ہزار روپے پینشن لے رہے ہیں ان کے مقابلے میں مساوی گریڈ کے حامل سرکاری ملازمین کو آج ستر اسی ہزار روپے پینشن مل رہی ہے‘ کیا یہ زیادتی نہیں! اور یہ زیادتی اس وقت مزید زیادتی ہو جاتی ہے جب بینک نے یہ پینشن بھی ذاتی اکاﺅنٹ سے ادا نہیں کرنی‘ یہ وہ رقم ہے جو یہ ملازمین دوران ملازمت اپنی تنخواہ سے کٹواتے رہے‘ بینک نے اس رقم کی سرمایہ کاری کی‘ اربوں روپے کمائے لیکن یہ اب ان ملازمین کو ان کا حصہ دینے کےلئے تیار نہیں‘ کیوں؟ ان ملازمین کے ساتھ انصاف کون کرے گا؟ میری صدر مملکت اور وزیراعظم سے درخواست ہے‘ میری چیف جسٹس آف پاکستان اور ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور ججز سے بھی درخواست ہے‘ مہربانی فرما کر آپ ریٹائر ملازمین کی تمام فائلیں منگوائیں اور ان کا فوری فیصلہ کر دیں‘ ہم لوگوں کو خوبصورت بچپن اور شاندار جوانی نہیں دے سکتے‘ نہ دیں لیکن ہم کم از کم ایک دستخط‘ ایک فیصلے سے چند بوڑھوں‘ چند بزرگوں کی مشکلات تو کم کر سکتے ہیں‘ بزرگ ڈاکئے ہوتے ہیں‘ یہ معاشرے کی طرف سے اللہ تعالیٰ کےلئے پیغامبر ہوتے ہیں‘ یہ ڈاکئے موت کی دہلیز پر بیٹھے ہیں‘ یہ کسی بھی وقت اللہ تعالیٰ کے دربار میں پیش ہو جائیں گے‘ آپ صدر صاحب‘ وزیراعظم صاحب اور چیف جسٹس صاحب! آپ چند لمحوں کےلئے سوچئے‘ یہ لوگ اللہ کے پاس آپ کی طرف سے کیا پیغام لے کر جائیں گے‘ آپ سوچیں گے تو آپ بہتر فیصلہ کر سکیں گے چنانچہ آپ سوچئے اور فیصلہ کیجئے۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…