اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مزید گھٹ گئی، ڈالر کے انٹربینک ریٹ 262 روپے جبکہ اوپن ریٹ 268 روپے سے بھی نیچے آگئے۔درآمدی سرگرمیوں کی معطلی سے درآمدات کا حجم گھٹنے سے مارکیٹ میں ڈالر کی ڈیمانڈ کے مقابلے میں سپلائی بڑھ گئی ہے جس سے مسلسل تیسرے ہفتے بھی ڈالر ریورس گئیر میں ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ تمام مطلوبہ شرائط پوری ہونے کے نتیجے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے جلد ہی اسٹاف سطح کا معاہدہ طے ہونے کی امید ہے جس کے بعد دوست ممالک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے بھی نئے قرضوں کا اجرا شروع ہوجائے گا اور روپے کی قدر کی بحالی تیز ہوجائے گی۔انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو کاروباری دورانیے میں وقفے وقفے سے ڈیمانڈ آنے کے سبب ڈالر کی قدر میں اتار چڑھا دیکھا گیا اور ایک موقع پر ڈالر کی قدر 1.62 روپے کی کمی سے 261 روپے 19 پیسے کی سطح پر آگئی تھی تاہم دوبارہ ڈیمانڈ بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 93 پیسے کی کمی سے 261.88 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قیمت ایک روپے کی کمی سے 267 روپے کی سطح پر آگئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے اوپن ریٹ 25 پیسے کی کمی سے 267.75 روپے کی سطح پر ہی بند ہوئے۔اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں یورو 281.50 روپے پر برقرارجبکہ برطانوی پاونڈ 1 روپے مہنگا ہوکر 317 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ خیال رہے کہ اوپن مارکیٹ میں یو اے ای 73.50 روپے پر برقرار جبکہ سعودی ریا ل20 پیسے اضافے کے بعد 70.70 روپے پر پہنچ گیا ہے۔