اسلام آبا د(این این آئی)الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد اہم اجلاس طلب کر لیا۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن نے صوبوں میں عام انتخابات کے حوالے سے ایوان صد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت سے باقاعدہ معذرت کر لی۔
پیر کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں صوبوں میں عام انتخابات کے حوالے سے ایوان صد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے پر مشاورت کی گئی۔الیکشن کمیشن کے متعلقہ حکام نے تجویز دی کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ سے متعلق کیسز عدالتوں میں زیرسماعت ہیں،بہتر یہی ہے کہ عدالت سے معاملہ نمٹنے کے بعد ہی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ پرفیصلہ کیاجائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آئین کے تحت صوبوں میں عام انتخابات پر مشاورت صرف گورنرز سے کی جا سکتی ہے اور اگر صدر مملکت سے مشاورت کی گئی تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہو گی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایوان صدر نہ جانے کافیصلہ لاء ونگ کی تجویز پرکیا۔