لاہور، کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) دعا زہرہ کیس میں نیا موڑ آگیا ، لاہور پولیس کے مطابق دعا زہرہ ابھی نہیں ملی فی الحال اس کے نکاح کی کاپی ملی ہے ۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دعا زہرہ کا نکاح مزنگ روڈ میں مدرسے میں ہوا ہے ، نکاح نامہ کے مطابق لڑکے کا نام ظہیر ہے اور وہ رائیونڈ کا رہائشی ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق فی الحال دعا زہرہ تحویل میں نہیں آئی البتہ نکاح نامے پر تصویر دعا زہرہ کی ہے ۔ نکاح نامے پر دعا زہرہ کی عمر 18 سال لکھی گئی ہے لیکن شناختی کارڈ نمبر نہیں لکھا گیا۔اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو کراچی پولیس نے لڑکی کا نکاح نامہ فراہم کیا، پولیس نکاح نامے پر ایڈریس سے لڑکی کو تلاش کر رہی ہے۔ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ دعا زہرہ کے پولیس کو ملنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، دعا زہرہ کی بازیابی کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ڈی آئی جی آپریشن کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کراچی پولیس سے مسلسل رابطے میں ہے، ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، لڑکی کو جلد تلا ش کر لیں گے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر دعا کو کافی آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے۔ولید نامی صارف لکھتے ہیں کہ واہ بھی 14 سال کے بچے شادیاں کر رہے ہیں اور جب ہم 14 سال کے تھے تو میتھ کا ہوم ورک چیک کراتے ہوئے سوچتے تھے کہ ٹیچر کو کیا ٹوپی دیں۔ایک صارف نے مشہور کامیڈی شو کے کردار کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا کہ کیسا لگا میرا مذاق۔عمر نامی صارف بالی ووڈ کے اداکار کی تصویر شیئر کر کے دعا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ چھوٹی بچی ہو کیا، سمجھ نہیں آتا۔