اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کو سیکیورٹی خدشات کے باعث لاہور جلسہ گاہ نہ جانے کا مشورہ دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے ڈی سی نے پی ٹی آئی کے لاہورجلسے سے متعلق سکیورٹی خدشات ظاہر کیے ہیں ۔ڈپٹی کشمنر نے عمران خان کو خط لکھ دیا
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے سیکورٹی خدشات کے باعث عمران خان کو جلسہ گاہ نہ جانے اور بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے کل ( جمعرات) گریٹر اقبال پارک میں منعقدہ جلسے کی سکیورٹی کیلئے لاہور پولیس کے 04 ہزار کے قریب افسران واہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔بتایا گیا ہے کہ10 ایس پیز، 25 ایس ڈی پی اوز، 59 ایس ایچ اوز اور207 اپر سب آرڈینیٹس شامل ہیں،خواتین شرکا ء کی تلاشی کیلئے 234 لیڈیز پولیس اہلکار بھی مامور ہوں گی۔ جلسہ میں شرکت کرنے والے ہر فرد کی تلاشی یقینی بنائی جائے گی،واک تھرو گیٹس، بیرئیر، خاردارتاریں،میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کئے جائیں گے،سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔واضح رہے کہ چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں مینارِ پاکستان میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں، وہ اس جلسے میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کو دعوت دیتے ہیں، آئیں اور اس جلسے میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیںگے ۔