لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن لڑنے کی حامی بھریں اخراجات کے فنڈز ٹیلی تھون سے جمع کر لیتے ہیں۔کیپٹن (ر)صفدر نے سچ بولا ہے کہ مریم نواز وزیر اعظم نہیں بنیں گی، جس جس کا جو آئینی کردار ہے وہ ادا کرے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن وہی زبان بول رہا ہے جو نگران حکومت بات کر رہی ہے، حکومتی لوگوں کے پروٹول کیلئے بندوبست ہو جاتے ہیں، انتخابات کیلئے گورنر اور الیکشن کمیشن بھاگ گئے ہیں، پوری قوم کی نظریں انتخابات کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ آج اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں، انہوں نے ملک کے ہر شعبے کو تباہ کر دیا، صرف اپنے مقدمات معاف کروائے ہیں، آٹا 160روپے کلو ہو گیا ہے، مہنگائی کے 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، خطرہ عمران خان نہیں امپورٹڈ حکومت سے ہے۔