کراچی(آئی این پی) کراچی کے علاقے صدر میں ڈینٹل کلینک پر حملے کے ملزمان سے متعلق نیا انکشاف سامنے آگیا۔ کراچی کے علاقے صدر میں ڈینٹل کلینک پر حملے کے دونوں ملزمان لگ بھگ 23 کلو میٹر کا مسلسل سفر 40منٹ میں طے کرکےقائد آباد پہنچ کر رو پوش ہوئے۔
سندھ پولیس کے انسداد دہشتگردی کے شعبہ کے حکام کے مطابق ملزمان صدر سے نمائش چورنگی، شارع قائدین، شاہراہ فیصل اور پھر نیشنل ہائی وے سے ہوتے ہوئے لانڈھی قائد آباد پہنچے۔ پولیس کے مطابق ملزم وقار خشک نے صدر میں جہانگیر پارک کے قریب شاہراہ لیاقت پر چینی ڈینٹل کلینک میں 14ستمبر کو دہشت گردی کی واردات کی جسکے بعد ملزم پیدل چلتا ہوا جہانگیر پارک اور ایمپریس مارکیٹ کے درمیانی روڈ پر موٹر سائیکل اسٹارٹ کرکے کھڑے ملزم کے پیچھے بائیک پر سوار ہوا، دونوں ملزمان فیرئیر اسکوائر کے قریب سے ایم اے جناح روڈ پر گئے، ملزمان نمائش چورنگی سے شاہراہ قائدین پر پہنچے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ خداداد کالونی اور نورانی کباب چوک سے ہوتے ہوئے ملزمان شاہراہ فیصل پر پہنچے جہاں سے وہ مسلسل سفر کرتے ہوئے نرسری، بلوچ کالونی ، کارساز، ڈرگ روڈ ناتھا خان پی سے اسٹار گیٹ اور پھر ملیرہالٹ پہنچے جہاں سے نیشنل ہائی وے پر ملیر 15، ملیر کورٹس سے ملیر ندی کے قائد آباد پل اور پھر قائدآباد چوک فلائی اوور کے اوپر سے ہوتے ہوئے منزل پمپ پہنچے۔